سانگلاہل: شہر بھر میں تجاوزات مافیا کا راج ‘ راہگیروں کو مشکلات کا سامنا
سانگلا ہل(نمائندہ نوائے وقت) تجاوزات کی بھر مار سے گذرنے کے راستے مسدود ہو گئے،کمیٹی بازار اور حمید نظامی روڈ فروٹ منڈی رکشہ سٹینڈ بن کر رہ گئی،تعلیمی اداروں کے اوقات میں طلبا ء طالبات کو مشکلات اور خریداری کیلئے آنے والی خواتین کودشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تجاوزات کے خاتمے کیلئے کبھی کبھار کیا گیا آپریشن بے سود ثابت ہوتا ہے، میونسپل کمیٹی کے عملہ تہہ بازاری اور بااثر مافیا کی ملی بھگت سے شہر بھر میں تجاوزات کے باعث گزرنا محال ہوگیا ہے،کمیٹی بازار،انار کلی بازار،حمید نظامی روڈ،ملحقہ گلیوں بازاروںمیں دکانوں کے آگے دکانیں سج گئی ہیں،بااثرافراد نے دکانوں کے آگے ہزاروں روپے کرایہ لیکر ریڑھیاں اور کھوکے لگوا کر بازار بند کر دئے ہیں،بلدیہ کا عملہ ملی بھگت سے فی ریڑھی ہزاروں روپے ماہانہ وصول کرتے ہیں،فیصل آباد روڈ اوربھلیر روڈکے دوکانداروں نے راستے بند کر دئے ہیں،شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر سارا لونی سے شہرکا دورہ کرکے تجاوزات کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔