مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی راولپنڈی نے10 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کردیا
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے)مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی راولپنڈی کے صدر ندیم شیخ اور جنرل سیکرٹری ابرار احمد شیخ نے12 ربیع الاول کو عیدمیلادالنبیؐ کے جلوس کے دوران تمام گاڑیوں کے داخلے ، کسی بھی سٹیج پر میوزک پارٹی بلانے ،کسی سٹیج پر کوئی موسیقی کا کوئی ساز لانے پر پابندی لگادی ہے اس سلسلے میں دس نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کردیا گیا ضابطہ اخلاق کے مطابق1 ۔ جشن عید میلاد النبیؐ کے جلوس میں تمام گاڑیوں کے داخلہ پر مکمل پابندی ہے لہٰذا کوئی بھی میلاد پارٹی گاڑی بک نہ کروائے 2 ۔ جشن عید میلادالنبیؐکے جلوس میں تمام سٹیج لگانے والے عاشقان رسول سے اپیل ہے کہ وہ کسی بھی میوزک پارٹی کو اپنے سٹیج پر ٹائم نہ دیں3 ۔ ڈف کے علاوہ ہر قسم کے میوزیکل سازوں پر میلادالنبیؐ کے جلوس میں سخت پابندی ہوگی 4 ۔ گیارہ ربیع الاول کو جشن چراغاں دیکھنے کیلئے آنے والی گاڑیاں ٹریفک قوانین کا احترام کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ٹریفک کی روانی جاری رہے 5 ۔ دس گیارہ اور بارہ ربیع الاول کے تینوں دن شہر بھر کو لوڈشیڈنگ سے مستثنٰی قرار دیا جائے 6 ۔جشن عید میلاد النبیؐ کے جلوس کے دوران زبان پر درود وسلام کا ورد جاری رکھیں 7 ۔ جشن عید امیلادالنبی ؐ کے جلوس اور چراغاں دیکھنے کیلئے آنے والی فیملیز کا احترام کریں 8 ۔ جشن عیدمیلادالنبیؐ کے جلوس میں ہرقسم کی غیر شرعی حرکات سے اجتناب کریں 9 ۔ جشن عیدمیلادالنبیؐ کے جلوس میں صاف لباس میں باوضو شامل ہوں 10 ۔ جشن عیدمیلادالنبیؐ کے جلوس میں شامل تمام شرکاء جلوس کے تقدس کا خاص خیال رکھیں ۔