ایران میں فوجی مشقوں کے دوران فضائی دفاعی نظام کا تجربہ
تہران(این این آئی)ایران نے فوجی مشقوں کے دوران میں ملکی ساختہ فضائی دفاعی نظام کا تجربہ کیا ہے۔ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کی ویب سائٹ کی اطلاع کے مطابق آسمان کے مدافعین کے نام سے یہ تجربہ ملک کی نصف فضائی حدود کے برابر علاقے میں کیا گیا ۔ان مشقوں سے آرمی اور پاسداران انقلاب کے جدید نظاموں نے اپنی مضبوطی اور طاقت ظاہر کردی ۔اس تجربے میں ایران کے لڑاکا طیاروں جیٹ نے حصہ لیا اور ایران کے خورداد3 اور خورداد 15 نظاموں نے درمیانی اور انتہائی بلندی سے اپنے اہداف کو نشانہ بنایا ۔فوجی مشقوں کے نگران کمانڈر جنرل قادر رحیم زادہ نے سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے تمام طے شدہ اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ایران نے اپنے اس فضائی دفاعی نظام کا تجربہ اقوام متحدہ کی اسلحہ کی خریدوفرخت پر عاید پابندی کے خاتمے کے بعد کیا ہے۔اس نے گزشتہ اتوار کو یہ اعلان کیا تھا کہ جولائی 2015 میں چھے عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ جوہری سمجھوتے کی شرائط اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر 2231 کے تحت اسلحہ کی تجارت پر عاید بین الاقوامی پابندیوں کا خاتمہ ہوگیا ہے۔