عید میلاد النبیؐ کا مرکزی جلوس 30 اکتوبر کو نیو میمن مسجد سے نکلے گا: شاہ عبدالحق
کراچی (نیوزرپورٹر)جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں میلا د النبی اکا مرکزی جلوس جمعہ 12 ربیع الاول؍۱۴۴۲ ھ بمطابق30 اکتوبر2020ئ 3؍بجے سہ پہر نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے علماء و مشائخ کی قیادت میں برآمد ہوگا۔ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی کے راستے نشتر پارک پہنچے گا ۔انہوں نے کہاکہ جشن عید میلاد النبی ﷺ امت مسلمہ کا اپنے نبی کریم ﷺ سے والہانہ وابستگی عقیدت اور عہدکے اظہار کا نام ہے۔عاشقان مصطفی ﷺ ماہ ربیع الاول میں ہر قسم کے خطرات کی موجودگی اور نشتر پارک بم دھماکے کے دردناک سانحہ کے باوجود جس جو ش و جذبے سے محا فل اور جلو س میں شریک ہو تے ہیں اس کی مثال تمام مذاہب عالم کے ما ننے والے پیش کر نے سے قاصر ہیں ۔ پریس کانفرنس میں حاجی حنیف طیب،مولانا ابرار احمد رحمانی،ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری، علامہ نسیم احمد صدیقی،،مولانا سید عبد القادر شیرازی،سید رفیق شاہ،قاضی نو ر الاسلام،مولانا بلال قادری،مولانا الطاف قادری، جاوید قادری،غفران احمد،جمیل امینی بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس میں قائدین نے اس بات پر زور دیا کہکراچی کے جن علاقوں سے جلوس برآمد ہوں گے وہاں order Law & سے متعلق تمام امور حسب سابق رکھے جائیں۔ بیرونی تخریب کاری پر بھی نظر رکھنا بے حد ضروری ہے۔کمشتر کراچی اور تمام اضلاع کے کنٹرول روم میں ذمہ دار حضرات کی 24گھنٹے موجودگی بے حد ضروری ہے تاکہ بروقت کسی بھی ہنگامی صورت حال سے آگاہ کرنے میں مدد ملے۔جلوسوں اور جلسے کی مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی درستگی اور ان کے ذریعے نگرانی بے حد ضروری ہے۔جما عت اہلسنّت نے ارباب حکومت ایڈیشنل آئی جی ،کمشنرکراچی تمام ڈپٹی کمشنر ز اور ایڈمنسٹریٹر کراچی کو آگاہ کردیا ہے تاہم صفائی ستھرائی سڑکوں کی مرمت اور اسٹریٹ لائٹس کی درستگی پر کام نہ ہونے کے برابر ہے۔ جما عت اہلسنّت کراچی کے الیکٹرک کے ذمہ داران سے مطالبہ کرتی ہے کہ میلاد النبی ا کے جلوسوں اورجلسوں کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائیں اورکسی بھی غیرمعمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متبادل نظام تیار رکھا جائے۔