ناجائز منافع خوروں کے خلاف شہر کے مختلف مقامات پر کارروائیاں
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کمشنر کراچی سہیل راجپوت کی ہدایت پر ایڈیشنل کمشنر کراچی ڈاکٹر وقاص روشن نے متعلقہ افسران کے ہمراہ مختلف علاقوں میں ناجائز منافع خورو ں اور ملاوٹ شدہ غیر صحت مند اشیا کی فروخت میں مرتکب دکانداروں کے خلاف کارروائی کی ۔ اسسٹنٹ کمشنر فیروزآباد اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز کمشنر کراچی اور ، فوڈ اتھار ٹی کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ کارروائی میں 280 لیٹرسے زائد ملاوٹ شدہ دودھ ضائع کر دیا گیا ۔ جبکہ احسان ملک شاپ کارروائی کے دوران سیل کر دی گئی کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری نرخ کے نفاذ ملاوٹ شدہ اشیا کی فروخت کے خلاف کارروائی کی خود نگرانی کریں انھوں نے کہا کہ یقینی بنائیں کہ لوگوں کو حفظان صحت کے اصولوں اور معیار کے مطابق دودھ اور دیگر کھانے پینے کی اشیا سرکاری نرخ پر دستیاب ہوں خلاف ورزی کر نے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں ۔ یقینی بنائیں کہ لوگوں کو سرکاری نرخ پر حفظان صحت کے معیار کے مطابق اشیا دستیاب ہوں۔۔ کارروائی کے دورا ن دودھ ، گوشت اور دیگر اشیا کی قیمتیں چیک کی گئیں۔ سرکاری نرخ کی خلاف ورزی ، غیر معیاری اشیا کی فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔اس موقع پر کارروائی میں ایک دودھ فروش کو گرفتار کیا گیا جبکہ مجموعی طور پردودھ فروشوں اور گوشت فروشوں پر ایک لاکھ چالیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد نے پنجاب ملک شاپ، پر تیس ہزار روپے القریش ملک شاپ پر تیس ہزار روپے غوثیہ میٹ اور چکن شاپ کے خلاف سندھ فوڈ اتھارٹی نے کارروائی میں پچاس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔