میری زندگی میں خاموشیاں ،تنہائیاں بہت ہیں ‘ قوی خان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) معروف اداکار قوی خان نے کہا ہے کہ میری زندگی میں خاموشیاں ،تنہائیاں بہت ہیں سب کچھ اللہ کے سپرد کرکے مطمئن ہوجاتا ہوں اپنے ایمان کو ساتھ رکھتے ہوئے زندگی گزار یں تو بڑا مزا آتا ہے ۔ کراچی آرٹس کونسل میں ان کے اعزاز میں رکھی گئی ایک تقریب میں اپنی زندگی کے تجربات شیئر کرتے ہوئے قوی خان نے کہا کہ آرٹس کونسل اچھا ادارہ ہے جو فنکاروں کی خوشی ہو یا غم میں ساتھ کھڑا ہوتا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر اداکار اورنگزیب لغاری نے کہا کہ قوی خان کے لئے کچھ کہنا چھوٹا منہ بڑی بات ہوگی ۔مجھے اداکاری کا سلیقہ قوی خان نے سکھایا ،آج جو کچھ بھی ہوں قوی خان کو مائنس کردوں تو کچھ بھی نہیں ۔اس موقع پر سینئر اداکار منور سعید نے کہا کہ قوی خان کے ساتھ تعلق 60برس پرانا ہے ،مجھے ٹی وی پر متعارف کرانے والی شخصیت قوی خان ہی تھے ، دعا ہے کہ اللہ قوی خان کو اور بھی عزت سے نوازے ۔صدر آرٹس کونسل محمداحمد شاہ نے قوی خان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا ۔