بھٹو کا نواسہ، بے نظیر کا بیٹا ہوں یوٹرن نہیں لونگا، کٹھ پتلی حکومت سے نظام چھین کر رہیں گے: بلاول
گانچھے+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نمائندہ ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ بھٹو کے نواسے اور بے نظیر کے بیٹے ہیں‘ کھلاڑی نہیں کہ یوٹرن لے لیں۔ کٹھ پتلی حکومت سے نظام چھین کر رہیں گے۔ گانچھے میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں بلاول نے کہا کہ ہم سلیکٹڈ حکومت کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ ہمیں گلگت بلتستان کو سلیکٹڈ کٹھ پتلی راج سے بچانا ہے۔ سلیکٹڈ حکومت نے پنجاب خیبر پی کے کا کیا حال کر دیا۔ آپ کو ان ظالم حکمرانوں سے بچانا ہوگا۔ گلگت بلتستان میرا دوسرا گھر ہے۔ پیپلز پارٹی اور گلگت بلتستان کے عوام کے درمیان تاریخی رشتہ ہے۔ یہاں کے عوام کیوں بے روزگار ہیں ؟ صحت کے ادارے کیوں نیہں بنتے؟ میں یہاں کے مسائل پارلیمان میں اٹھاؤں گا۔ شہید بھٹو او رشہید بی بی کا وعدہ مجھے پورا کرنا ہے۔ تحریک انصاف حکومت نے پورے ملک میں مہنگائی کا طوفان کھڑا کر دیا۔ آج ملک میں ہر طبقہ سراپا احتجاج ہے۔ نالائق حکمرانوں کے گھر جانے کا وقت قریب ہے۔ آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی۔ اس حکومت سے جمہوریت چھین کر رہیں گے۔ گلگت بلتستان کی تقدیر بدلیں گے۔ صرف الیکشن کیلئے یہاں نہیں آیا جو وعدہ 2018ء میں کیا تھا آج بھی وہی ہے۔ جس طرح آپ نے ڈوگرا راج سے آزادی حاصل کی اسی طرح موجودہ حکومت سے حاصل کریں گے۔ اسلام آباد میں بیٹھے لوگ فیصلے کرتے ہیں لیکن عوام کی بات نہیں سنتے۔ گلگت کے عوام عمران خان کے یوٹرن اور پروپیگنڈا پر یقین نہیں کریں۔ وہ آپ کے نوجوانوں کو ایسے ہی تباہ کرے گا جیسے نوجوان ڈاکٹرز کے مستقبل کو تباہ کیا۔ ہم ہائبرڈ نظام کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔نصرت بھٹو کی برسی پر پیغام میں بلاول نے کہا کہ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو ہمت و شجاعت کا پیکر تھیں، ان کی جمہوریت کے لئے جدوجہد اور قربانیاں تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہے۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے ریڈیو پاکستان کے 749 ملازمین کو نوکریوں سے برخاست کرنے اور اس ناانصافی کے خلاف احتجاج کی پاداش میں 40 ملازمین کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے اب جمہوری ہونے کا دکھاوا کرنا بھی چھوڑ دیا ہے۔ بیان میںمیں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے فقط ریڈیو پاکستان کے 749 ملازمین کو برطرف نہیں کیا، بلکہ انہوں نے بیک جنبش قلم 749 خاندانوں کے چولہے بجھا دیئے ہیں۔