ربیع الاول کا مہینہ انسانیت کے لیے پہلی بہار کا پیغام ہے:مقررین
لاہور(خصوصی نامہ نگار) ربیع الاول کا مہینہ انسانیت کے لیے پہلی بہار کا پیغام ہے ۔نبی آخر الزمانؐ کی نبوت کا تذکرہ تورات،زبور ،انجیل اور تمام آسمانی صحیفوں میں موجود تھا اور امتیں آپؐکا انتظار کر رہی تھیں۔آپؐاندھیروں میں اجالا اور آفتاب نبوت بن کر طلوع ہوئے تو انسانوں کا مقدر جگمگا اٹھا ۔ خزاں رسیدہ چمن میں تازہ بہار آگئی امت کے علماء و خطباء کو ماہ ربیع الاول میں آپ ؐکی سیرت کے اس پہلو کو نمایاں طور پر بیان کرنا چاہیے اور آپؐکی تربیت یافتہ جماعت صحابہ کے فضائل کو اپنا موضوع سخن بنانا چاہیے ۔ مجلس عمل تحفظ ناموس صحابہ واہل بیت ؓکے قائدین مولانا مفتی حبیب الرحمن ، مولانا زاہد الراشدی، مولانا سید عطاء المہیمن ، مولانا قاری زوار بہادر ،مولانا محمد احمد لدھیانوی ،مولانا ابتسام الہٰی ظہیر‘ عبداللطیف خالد چیمہ ،علامہ زبیر احمد ظہیر نے علماء اور خطباء سے اپیل کی ہے کہ وہ سرور کونین ؐ کی ختم نبوت اور آپؐکے تربیت یافتہ اصحاب و اہل بیت کی عظمت و فضیلت سے مسلمانوں کو روشناس کرائیں۔ مجلس عمل کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ آج جب غیر مسلم اہل قلم رسول اللہ ﷺ کے ایک طرف توہین آمیز خاکے شائع کرنے کے ساتھ عقیدۂ ختم نبوت کے منکرین کی پشت پناہی کررہے ہیں تودوسری طرف آپؐ کے صحابہ کرام ،ازواج مطہرات ،امہات المؤمنین ،اہل بیت عظام اور خلفاء راشدین کو تنقید کا نشانہ بنا کر توہین کی جارہی ہے۔