اورنج ٹرین پرسوں چلے گی، سی پیک کا مکمل ہونیوالا پہلا ٹرانسپورٹ منصوبہ ہے: جہانزیب کھچی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پرسوں 25 اکتوبر کو اورنج لائن ٹرین کو عوام کے لئے چلا دیا جائے گا۔ اس حوالے سے وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سی پیک کا مکمل ہونے والا پہلا ٹرانسپورٹ منصوبہ ہے۔ میٹرو ٹرین پاک چین دوستی کی علامت، اہل لاہورکیلئے ایک شاندار تحفہ ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ وزیراعظم عمران خان کے گرین وژن کے تحت ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا منصوبہ ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار 25 اکتوبر کو اورنج لائن منصوبہ کا افتتاح کریں گے۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے اورنج لائن میٹروٹرین کے انارکلی سٹیشن پر اورنج ٹرین منصوبہ سے متعلق ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مزید بتایا کہ 25 اکتوبر کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اورنج لائن منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کو پاکستان کی پہلی الیکٹرک ٹرانسپورٹ ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ جس پر تقریباً اڑھائی لاکھ مسافر روزانہ سفر کریں گے اور اس منصوبے سے 4 ہزار سے زائد لوگوں کو روزگار ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کو چلانے کے لئے سالانہ 5 ارب 62لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا ٹریک 27.12 کلومیٹر پر محیط ہی جس پر26 سٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ منصوبے کے تحت 27 کلومیٹر کا فاصلہ 45 منٹ میں طے ہوگا۔ جہانزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین سے ملتان روڈ پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور ماحولیاتی آلودگی میں بتدریج نمایاں کمی آئے گی۔