جشن میلادالنبیؐ شایان شان طریقے سے منایا جائیگا‘ تیاریاں جاری
ملتان (سماجی رپورٹر) یوم ولادتِ رسول حضرت محمدؐ شایان شان طریقے سے منانے کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔12 ربیع الاول کے جلوسوں کے روٹس پھولوں، خوشبوؤں اور عرق گلاب سے مہکیں گے۔ تمام بازاروں کی تزئین و آرائش ہو گی اور سرکاری اور نجی بلڈنگز کو برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔ عید میلادالنبیؐ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی صدارت میں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی، ایس پی سٹی جاوید خان، سی ٹی او ظفر بزدار، اسسٹنٹ کمشنرز اور امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے قلعہ کہنہ قاسم باغ، گھنٹہ گھر، حسین آ گاہی چوک کو چمکانے کا حکم دے دیا۔ انتظامات کے حوالے سے انتظامیہ اور پولیس نے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے۔ عامر خٹک نے کہا کہ یوم ولادت کو مکمل عقیدت اور محبت سے منایا جائے گا۔ دفعہ 144 کے تحت جلوسوں میں گھڑ دوڑ پر پابندی عائد ہو گی۔مساجد اور مدارس کے اطراف میں صفائی کے مثالی اقدامات کئے جائیں گے۔ جلوسوں میں شریک عاشقان رسول کے لئے لنگر اور سبیلوں کا انتظام کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے واسا حکام کو جلوسوں کے روٹس پر سیوریج کے تمام مسائل حل کرنیکا حکم دیا۔