حادثات کی روک تھام کیلئے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے : آر پی او
ملتان (کرائم رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا کہ ٹریفک قوانین پابندی مہذب قوموں کی نشانی ہے۔ حادثات کی شرح کم کرنے کیلئے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد ضروری ہے انہوں نے ملتان رینج کی ٹریفک پولیس اور پٹرولنگ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے ٹریفک قوانین بارے آگہی مہم چلائیں اسی طرح سموگ سے بچاؤ کیلئے دھواں دینے والی گاڑیوں کو سڑکوں پر نہ لانے کی آگاہی مہم چلائی جائے تاہم اگر دھواں دینے والی کوئی گاڑی سڑک پر رواں دواں پائی جائے تو سخت کارروائی کی جائے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام ممکن ہو وسیم احمد خان نے مزید کہا کہ آہستہ چلنے والی گاڑیوں بیل، گدھا، اونٹ اور ہتھ گاڑی پر ریفلیکٹر لگوائے جائیں تاکہ رات کے وقت حادثات کو روکاجاسکے اسی طرح تیزرفتاری ،کم عمر ڈرائیورز اور موٹر سائیکل پر ون ویلنگ، مسافر اور گڈز ٹرانسپورٹ پر اوور لوڈنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔