شہریوں کے تعاون کے بغیر شہر صاف رکھنا ناممکن ہے: عبداللطیف
ملتان (لیڈی رپورٹر ) ویسٹ منیجمنٹ کمپنی ملتان کے سی ای او عبدالطیف خان نے کہا ہے کہ ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن کیلئے سروے کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کے تعاون کے بغیرشہر صاف ستھرا رکھنا ناممکن ہے۔’’ کمپنی خود کمائو خود لگائو ‘‘پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کیلئے منصوبہ بندی ہو رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روٹری کلب آف ملتان کی گیسٹ اسپیکر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت صدر ملک مسرور حیدر نے کی جبکہ سیکرٹری ممتاز علی بابر ،خواجہ محمد حسین ،عالمگیر جمیل خان ،شیخ عاصم سعید ،بلال قریشی ،محسن خاکوانی ،جواد درانی ،شہریار محبوب ،ڈاکٹر عبدالسلام ،خواجہ عثمان ،عزیز احمد شیخ ،ریحان ارشد شیخ اور حماد خان نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر شہر سے کوڑا اٹھانے اور صفائی برقرار رکھنے کیلئے سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی محدود وسائل کے باوجود شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے ۔مشینری ،سینیٹری ورکرز اور فنڈز کی کمی کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے مکمل سروسزفراہم نہیں کر پارہے ۔