ناسا کی پہلی مرتبہ اپنے چاند مشنز کے لئے عالمی شراکت داری کی دعوت
واشنگٹن (اے پی پی) امریکی خلائی تحقیق کے ادارے ناسا نے پہلی مرتبہ اپنے چاند مشنز کے لئے عالمی شراکت داری کی دعوت دی ہے۔ناسا کی اس دعوت کا مطلب امریکی خلائی ادارے کے ذریعے غیر ملکی خلاء بازوں کا چاند کی زمین پر قدم رکھنا ممکن ہونا ہے جو اس سے قبل کبھی نہیں تھا۔واشنگٹن میں 70ویں انٹرنیشنل ایسٹراناٹیکل کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے ناسا کے اینڈمنسٹریٹر جم بریڈن سٹین نے کہا ہے کہ چاند پر مشنز بھجوانے کے لئے بہت سی گنجائشیں موجود ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے عالمی شراکت دار ہمارے ساتھ چاند پر جائیں۔انھوں نے تجویز دیتے ہوئے کہاکہ ہم اگر چاند مشنز کے لئے تمام اقوام کے ساتھ ایک معاہدہ کر لیں تو اس بات میں کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی کہ غیر امریکی خلاء باز بھی ناسا کی سربراہی میں چاند کی زمین پر قدم رکھ سکیں۔