آبی وسائل کے وزیر کی چیف جسٹس سے ملاقات، ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور وزارت پانی سے متعلق بات چیت
آبی وسائل کے وزیر فیصل واوڈا نے پیر کے روز اسلام آباد میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملاقات کی۔
چیف جسٹس نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور وزارت پانی سے متعلق وفاقی وزیر کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو بدعنوانی اور پانی کی چوری کے خلاف ان کی کوششوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
چیف جسٹس نے داسو ڈیم کے معاملے کے حوالے سے ان کی کوششوں اور اسے ترجیحی بنیاد پر حل کرنے کیلئے ان کے فوری اقدام پر ان کی تعریف کی۔انہوں نے تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف وفاقی وزیر کے اقدامات کو سراہتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو اہداف کے حصول کیلئے ان سے تعاون کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر کو درپیش سیکورٹی خطرات کے پیش نظر چیف جسٹس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کوانہیں مناسب سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔