عید میلاد النبیؐ عقیدت و احترام سے منائی جائے گی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی جلوس میلاد کمیٹی کے عہدیداروں کے اجلاس میں سعودی عرب کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کے معاندانہ بیان کی پر زور مذمت کی گئی۔ گستاخ رسول آسیہ ملعونہ کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا گیا اور طے پایا کہ راولپنڈی شہر میں سابقہ روایات کے مطابق عید میلاد النبیؐ انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی اور سالانہ مرکزی جلوس کے انتظامات اور تیاریوں کے حوالے سے مرکزی جلوس میلاد کمیٹی کا اجلاس آئندہ اتوار کو چار بجے کمیٹی کے سرپرست حافظ حسن کی اقامت گاہ پر منعقد ہوگا۔ کمیٹی کے مرکزی عہدیداروں کا اجلاس کمیٹی کے صدر حاجی ملک اختر علی کی اقامت گاہ پر منعقد ہوا جس میں زونل خطیب مولانا حافظ محمد اقبال رضوی، سرپرست اعلیٰ شیخ طارق مسعود، جنرل سیکرٹری محمد بشیر بٹ، نائب صدور حاجی محمد ریاض، سلیم اختر صدیقی، وحید اختر ملک، سیکرٹری اطلاعات مشاق احمد خان ایڈووکیٹ، مولانا محمد اشرف تبسم، مولانا خواجہ بابر حسین اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ مرکزی جلوس میلاد کمیٹی راولپنڈی کے ارکان کا اجلاس زیر صدارت حاجی ملک اختر علی سب آفس کوہاٹی بازار منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی حافظ محمد اقبال، الحاج شیخ طارق مسعود تھے۔ جس میں بیرسٹر خان مشتاق سوتی، سلیم صدیقی، ضیاء محی الدین، شیخ سرفراز ، محمد نوید اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام بازاروں کے عہدیداروں سے رابطہ کیا جائے گا تاکہ عید میلاد النبیؐ عقیدت و احترام سے منایا جاسکے۔ سیکرٹری جنرل محمد بشیر بٹ نے سالانہ کارکردگی پیش کی جس کو تمام عہدیداروں نے سراہا۔ اس مرکز کا منشور ہے کہ فروغ نعت کیلئے ہر تنظیم کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا۔ حافظ شفیق طاہر اور شیخ صفدر مرحوم کیلئے بخشش کی خصوصی دعا کی گئی۔ سلطان محمود اور ملک وحید اختر کیلئے خصوصی دعا کی گئی کہ اﷲ تعالٰی ان کو صحت عطا فرمائے۔ ملک اختر علی نے تمام احباب کا شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں حاجی ریاض، چوہدری نوید، سلیم صدیقی، علامہ محمد اشرف تبسم، حافظ خواجہ بابر حسین، حافظ احسان، ضیاء محی الدین اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔