بارانی علاقوں کے کاشتکار گندم کیلئے زمین کی تیاری شروع کر دیں،محکمہ زراعت
راولپنڈی (نیوزرپورٹر)بارانی علاقوں کے کاشتکار گندم کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری شروع کر دیں۔ اگر کھیتوں میں ابھی تک گلی سڑی کھاد نہ ڈالی ہو تو فوراً ڈال کر زمین میں ملا دیں۔ محکمہ زراعت ترجمان کے مطابق بارانی علاقوں میں بارش ہو جائے تو پانی کو محفوظ کرنے کیلئے گہرا ہل چلائیں تاکہ بوقت کاشت وتر مہیا ہو سکے۔ پنجاب کے تمام بارانی علاقوں کیلئے محکمہ زراعت کی منظور شدہ گندم کی قسم چکوال 50 کو 15 اکتوبر سے 15 نومبر تک کاشت کریں جبکہ این اے آر سی 2009 ، بارس 2009 ، دھرابی 2011 ، پاکستان 2013 ، احسان 2016 ، فتح جنگ 2016 اور بارانی 2017 کو 20 اکتوبر سے 15 نومبر تک کاشت کریں۔ کاشتکار گندم کی بوائی کیلئے صاف ستھرا اور صحتمند بیج استعمال کریں۔ گندم کی کاشت سے پہلے بیج کو محکمہ زراعت کے مہیا کردہ سیڈ گریڈر کے ذریعہ مفت صاف کروائیں۔ کاشتکاروں کو چاہئے کہ وہ سیڈ گریڈر کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ اس سے نہ صرف گندم کے بیج کی صفائی ہو جاتی ہے بلکہ بیج گندم کے چھوٹے اور بیمار دانوں کے علاوہ جڑی بوٹیوں کے بیجوں سے بھی پاک ہو جاتا ہے۔