اسلام آباد،سٹارم فائبر نے کوئٹہ میں اپنی سروسز کا آغاز کرلیا
اسلام آباد(نا مہ نگار)سٹارم فائبر نے اپنی سروسز کی مزید توسیع کرنے کی حکمت عملی کے تحت پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں اپنی سروسز کا آغاز کرلیا ہے۔ کوئٹہ وہ ساتواں شہر ہے جسے سٹارم فائبر کے بڑھتے ہوئے فائب ٹو دی ہوم نیٹ ورک میں شامل کیا گیا ہے جس کی بدولت کوئٹہ کے شہریوں کو ہائی سپیڈ انٹرنیٹ،ایچ ڈی ٹیلی ویژن اور کرسٹل کلیئر آواز پر مبنی کالز دستیاب ہوں گی۔ پشاور، ملتان اور حیدر آباد کے بعد کوئٹہ وہ چوتھا شہر ہے جہاں سٹارم فائبر نے ایک ہی سال میں اپنی سروسز کی توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سٹارم فائبرنے یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران یہ اعلان کیا۔ اس موقع پر بلوچستان کے سینیٹر نصیب اللہ خان بازئی مہمان خصوصی تھے۔پھلوں کے باغات کے نام سے جانے جانے والا شہر کوئٹہ ایک خوشحال شہر ہے۔ یہاں متعدد کاروباری منصوبوں کے ساتھ ساتھ باصلاحیت نوجوانوں کا ایک وسیع جال ہے۔ جبکہ اس شہر میں بیوٹمز اور یونیورسٹی آف بلوچستان جیسے تعلیمی ادارے موجود ہیں جس کے باعث کوئٹہ ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہے۔قابل اعتماد تیز رفتار انٹرنیٹ کے ذریعے تمام شعبوں میں ترقی کے لئے مفید ثابت ہوگی۔ تیز ترین اور مستحکم براڈ بینڈ سروس جدید دور میں اقتصادی ترقی کے لئے ایک اہم مقام رکھتی ہے۔ سٹارم فائبر (سائبر نیٹ کے تعاون سے)کنیکٹیوتی انٹر نیٹ گیگا بائیٹ کا تعارف کوئٹہ کو ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے خلا کو پُر کرنے اور اسے عالمی میٹرو پولیٹن شہروں کے برابر لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مہمان خصوصی بلوچستان کے سینیٹر نصیب اللہ خان بازئی نے کہا کہ فائبر آپٹک انٹرنیٹ اقتصادی ترقی اور خوشحال مستقبل کی طرف نئی راہیں کھولے گا اور جدت پسندی کو فروغ دے گا۔ پہلے ہی ہائی سپیڈ براڈ بینڈ ترقی پذیر دنیا میں شہروں کی بحالی کیلئے ایک اہم عنصر رہا ہے اور ہمیں امید ہے کہ اسی طرح ہمارا صوبہ بھی اس جدت سے فائدہ اٹھائے گا۔سٹارم فائبرکے منیجنگ ڈائریکٹر فواد یوسف لہر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا وژن پاکستان کے ہر شہر میں فائبر آپٹکس کے ذریعے انتہائی مستحکم اور تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرنا ہے۔ یہ اہم وقت ہے جب ہمارے ملک کے شہری ترقی یافتہ ممالک کی طرح اعلیٰ معیار زندگی کو اپنائیں۔