محمد عباس کو ون ڈے سکواڈ میں شامل کیا جائے:اظہر خان
لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف سلیکٹر اظہر خان کا کہنا ہے کہ فاسٹ باولر محمد عباس کو ون ڈے اسکواڈ میں شامل کیا جائے۔ انضمام الحق اور انکی سلیکشن کمیٹی کو آئندہ برس انگلینڈ میں ہونیوالے عالمی کپ کے لیے نئے گیند سے وکٹیں لینے والے گیند باز کی ضرورت ہے محمد عباس میں یہ صلاحیت موجود ہے۔ ایک روزہ میچوں میں دونوں طرف سے نیا گیند استعمال ہوتا ہے اور پاکستان کے فاسٹ باولرز کو نئے گیند کے ساتھ وکٹیں حاصل کرنے میں ناکامی کا سامنا ہے اس صورتحال میں محمد عباس بہتین انتخاب ثابت ہو سکتے ہیں وہ کاونٹی کرکٹ کا تجربہ بھی حاصل کر چکے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں انہوں نے شاندار انداز میں باولنگ کرتے پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے انکی ون ڈے ٹیم میں موجودگی سے ہمارا باولنگ اٹیک مضبوط ہو گا۔ اگر محمد عباس متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ میچوں میں آوٹ کر سکتا ہے تو پھر اسے ایک روزہ کرکٹ کے لیے ٹیم میں شامل نہ کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔