قومی والی بال ٹیم مستقبل میں وکٹری سٹینڈ تک ضرور پہنچے گی:چودھری یعقوب
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری یعقوب نے کہا ہے کہ وہ قومی والی بال ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے مطمئن ہیں، مستقبل میں پاکستان ٹیم وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کرے گی۔ اگلے سال اپریل میں والی بال لیگ کرائی جائے گی جس میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شرکت کرینگے۔ اس بات کا اعلان چیئرمین پاکستان والی بال فیڈریشن چوہدری یعقوب نے پی او اے ہاوس لاہور میں ہونے والی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سنٹرل زون کے تحت چھ ملکی والی بال ٹورنامنٹ اگلے سال اپریل میں کیا جائے گا جس میں غیر ملکی ٹیموں نے اپنی شرکت کی یقینی دہانی کرا رکھی ہے۔ بھارتی ٹیم کو بھی اس ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے اگر ان کی حکومت نے اجازت نہ دی تو چھٹی ٹیم کے لیے مزید دو ممالک کے ساتھ رابطہ کیا جائے گا۔ ایشین گیمز میں پاکستان ٹیم کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس میں بھارت اور چائینہ کی ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا۔ امید ہے کہ مستقبل میں ہونے والے ایونٹس میں پاکستان ٹیم وکٹری سٹینڈ تک رسائی حاصل کرلے گی۔