سی پیک کے معاشی زون میں شامل ہوتے ہی خواتین کے حالات بہتر ہوںگے: شیریں مزاری
اسلام آباد (آئی این پی) وفا قی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ چین پا کستان اقتصا دی را ہدا ری ( سی پیک) جب معاشی زون کے مراحل میں داخل ہو گا امید ہے مزدوروں خصوصاً خواتین کے حقوق اور حالات بہتر ہوں گے، پاکستان میں کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ خواتین کیلئے مثبت ہو گا،ہماری حکومت سی پیک سے کمیٹڈ ہے، جو کہے یا سوچے کہ سی پیک ختم ہو گا وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ پیر کو وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ خواتین کیلئے مثبت ہو گا، ترقیاتی منصوبوں میں خواتین مین اسٹریم میں شامل ہوں گی، ہماری خواتین اپنے لئے خود روزگار کے مواقع تلاش کرتی ہیں، ہماری خواتین پائلٹ ہیں، فوج میں ہیں، سیاست میں ہیں۔ سی پیک میں خواتین کیلئے ٹیکنیکل، ووکیشنل تعلیم و تربیت شروع ہونی چاہیے، ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ سے زیادہ سے زیادہ خواتین کو روزگار ملے گا، اس طرح سی پیک واقعی گیم چینجر بنے گا۔دیگر ممالک بھی سی پیک میں شامل ہوں تا کہ یہ علاقائی ترقیاتی منصوبہ بن جائے،سی پیک میں پڑوسی ممالک کو شامل کرنے کا مطلب ہے کہ خطہ بھی مستحکم ہو گا۔