اسلاف کی طرز پر تحفظ ناموس رسالتؐ کا پہرہ دینگے: خادم رضوی
لاہور (پ ر) اقلیتوں کے حقوق کی آڑ میں کسی کو ناموس رسالتؐ پر رائے زنی کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے۔ اقلیتیں اپنی حدود وقیود میں رہ کر زندگی گزاریں۔ علامہ خادم حسین رضوی نے ان خیالات کا اظہار مرکز رحمت للعالمین ملتان روڈ لاہور میں ملک بھر سے آئے وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہم اپنے اسلاف کے طرز زندگی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے تحفظ ناموس رسالتؐ پر پہرہ دیں گے۔ علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہم بار بار ہر مقام پر واضح کرچکے ہیں کہ غلط بحث نہ کی جائے۔ حضورؐ کی عزت وآبرو کا مسئلہ الگ تھلگ اور اقلیتوں کے حقوق کا مسئلہ بالکل علیحدہ ہے۔ لہٰذا ناموس رسالت کے مسئلہ کو الجھانے والوں کو بروقت روکا جائے‘ اسی میں مسلمانوں اور ملک وملت کی خیر اور بھلائی ہے۔