حضرت جندب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا: جس شخص نے سورہ یسیٰن کسی رات میں اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے پڑھی تو اسکی مغفرت کر دی جاتی ہے۔ (ابن حبان) حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا: جس شخص نے ہر رات سورہ واقعہ پڑھی اس پر فقر نہیں آئیگا۔ (بیہقی) حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺ اس وقت تک نہیں سوتے تھے جب تک کہ سورہ الم سجدہ (جو اکیسویں پارے میں ہے) اور تبارک الذی بیدہ الملک نہ پڑھ لیتے۔ (ترمذی) حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا: قرآن کریم میں ایک سورت تیس آیات کی ایسی ہے کہ وہ اپنے پڑھنے والے کی شفاعت کرتی رہتی ہے یہاں تک کہ اسکی مغفرت کر دی جائے وہ سورہ ’’تبارک الذی‘‘ ہے۔ (ترمذی) حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ کسی صحابی رضی اللہ عنہ نے ایک قبر پر خیمہ لگایا۔ انکو علم نہ تھا کہ وہاں قبر ہے۔ اچانک اس جگہ کسی کو سورہ تبارک الذی پڑھتے ہوئے سنا تو نبی کریمﷺ سے آکر عرض کیا کہ میں نے ایک جگہ خیمہ لگایا تھا مجھے معلوم نہ تھا کہ وہاں قبر ہے۔ اچانک میں نے اس جگہ کسی کو سورہ تبارک الذی آخر تک پڑھتے ہوئے سنا۔ نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا: یہ سورت اللہ تعالیٰ کے عذاب سے روکنے والی ہے اور قبر کے عذاب سے نجات دلانے والی ہے۔ (ترمذی) حضرت عبداللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ قبر میں آدمی پر پیروں کیطرف سے عذاب آتا ہے تو اسکے پیر کہتے ہیں کہ میری طرف سے آنیکا کوئی راستہ نہیں کیونکہ یہ سورہ ملک پڑھتا تھا۔ پھر وہ سینے یا پیٹ کیطرف سے آتا ہے تو سینہ یا پیٹ کہتا ہے میری طرف سے تیرے لئے آنیکا کوئی راستہ نہیں ہے کیونکہ یہ سورہ ملک پڑھا کرتا تھا۔ پھر عذاب سر کیطرف سے آتا ہے تو سر کہتا ہے کہ تیرے لئے میری طرف سے آنیکا کوئی راستہ نہیں ہے کیونکہ یہ سورہ ملک پڑھا کرتا تھا۔ (حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ) یہ سورت قبر کے عذاب کو روکنے والی ہے۔ تورات میں اس کا نام سورہ ملک ہے۔ جس شخص نے اسکو کسی رات میں پڑھا اس نے بہت زیادہ ثواب کمایا۔ (مستدرک حاکم) حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا: جسے یہ شوق ہو کہ قیامت کے دن کا منظر گویا اپنی آنکھوں سے دیکھ لے تو اسے سورہ ’’اذا الشمس کورت، اذا السمآء انفطرت اور اذاالسمآء انشقت‘‘ پڑھنی چاہیے (اسلئے کہ ان سورتوں میں قیامت کا بیان ہے)۔ (ترمذی)
گاڑیاں بنانے والے پاکستانی اداروں میں قیمتیں گھٹانے کی دوڑ
Mar 16, 2024 | 13:40