گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی اور بھاشاڈیم کی تعمیر بروقت مکمل کی جائے:صدر
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+اے پی اے) صدر آصف زرداری کی زیر صدارت توانائی بحران پر اجلاس ہوا، جس میں دیامر بھاشا ڈیم کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا، صدر زرداری نے کہا موسم سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے، پانی ذخائر بڑھانے کے لئے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہو چکی ہے، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر ہمارے لئے بہت اہم ہے، اس کی تعمیر سے پانی ذخیرہ کرنے کا بھی موقع ملے گا، پانی کے ذخائر سے خوراک کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، دیامر بھاشا ڈیم سے 4 سے 5 سو میگا واٹ بجلی حاصل ہو سکے گی، دیامر بھاشا ڈیم کی بروقت تعمیر کے لئے اقدامات کئے جائیں، صدر آصف زرداری نے وزیر پانی وبجلی کو ہدایت کی کہ توانائی کی صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھا جائے، توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے اقدامات سرخ فیتے کی نذر نہ ہونے دیں، بجلی کے پیداواری منصوبوں کی جلد تعمیر کی جائے۔ وفای وزیر پانی وبجلی چودھری احمد مختار نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے بجلی پیداوار میں بہتری آئی ہے، بجلی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی سیل قائم کیا ہے۔