پاکستان کی امریکہ میں غیرقانونی مقیم اپنے شہریوں کو محفوظ حیثیت دینے کیلئے باضابطہ درخواست
واشنگٹن (اے این این) پاکستان نے امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم تقریباًدولاکھ سے زائد شہریوں کو عارضی محفوظ حیثیت د ینے کےلئے اوباما انتظامیہ کو باضابطہ درخواست دے دی جبکہ امریکی حکام نے درخواست پر غورکرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔گزشتہ روزیہاں وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانی شہریوں کو عارضی محفوظ حیثیت دینے کے حوالے سے یہ درخواست ہوم لینڈ سکیورٹی کے حکام کو پاکستان امریکہ سٹرٹیجک مذکرات میں ورکنگ گروپ کے اجلاس کے دوران دی گئی ہے جس پر انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے پر غور کریں گے۔ حکام کے مطابق امریکی قانون میں اس بات کی گنجائش موجود ہے کہ کسی بھی قدرتی آفت کے نتیجے میں ہونےوالی تباہی کے بعد امریکہ میں غیر قانونی طورپر مقیم اس متاثرہ ملک کے شہریوں کو عارضی محفوظ حیثیت دےدی جا ئے۔ ایک نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں وفاقی وزیراطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ سٹرٹیجک مذاکرات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ بھارت کی طرز پر غیرفوجی جوہری ٹیکنالوجی کا منصوبہ ایجنڈے پر نہیں ہے۔ جمہوری نظام کی امریکی حمایت اہمیت رکھتی ہے۔ اوباما انتظامیہ اگلے سال پاکستان کے 120 صحافیوں اور 80 افسروں کی پیشہ ورانہ تربیت کےلئے سکالرشپس دےگی۔ انہوں نے کہاکہ سٹرٹیجک مذاکرات کے دوران صدر باراک اوباما سے پاکستانی وفد کی ملاقات اہمیت کی حامل ہے جس میں انہوں نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے طور پر اداروں کے استحکام پر کام کررہی ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے بحران کے حل کیلئے مختلف آپشنز پر غور ہو رہا ہے لیکن انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ کے ساتھ بھارت کی طرز پر غیرفوجی جوہری ٹیکنالوجی کا منصوبہ سٹرٹیجک مذاکرات کے ایجنڈے پر نہیں ہے۔
قمر زمان کائرہ
قمر زمان کائرہ