لاہور (خبر نگار خصوصی) عسکری ماہرین نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے امریکہ کو کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی صورتحال میں اپنا وزن بھارت کے پلڑے میں ڈالنے والے امریکہ سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ کشمیر پر کوئی مثبت کردار ادا کرے گا۔ سابق آرمی چیف جنرل (ر) مرزا اسلم بیگ نے کہا کہ کشمیر پر امریکی ثالثی پاکستان اور کشمیریوں کے مفاد میں نہیں ہو سکتی‘ امریکہ اس مسئلے پر مخلص ہوتا تو یہ مسئلہ کب کا حل ہو چکا ہوتا۔ مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی قربانیوں کے باعث زندہ ہے‘ نئی پیدا شدہ صورتحال میں بھارت کو کشمیریوں کے سامنے سرنڈر کرتے ہوئے انہیں حق خودارادیت دینا پڑے گا۔ وزیراعظم امریکہ سے توقعات قائم کرنے کی بجائے قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنائیں۔ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ حمید گل نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل امریکہ پر چھوڑنے کی بات خود کو بےوقوف بنانے کے مترادف ہو گی۔ امریکہ کو ثالثی کی پیشکش کرنے والے وزیراعظم قوم کو بتائیں کہ امریکہ کے کہنے پر دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن ملک بننے کے بعد وہ ہمارے ساتھ کتنا کھڑا رہا۔ کشمیری عوام کی جدوجہد فیصلہ کن موڑ پر ہے اور بالآخر بھارت کو سرنڈر کرنا پڑے گا۔ مسئلہ کشمیر کے پائےدار‘ منصفانہ حل تک علاقائی امن قائم نہیں ہو سکتا۔
اسلم بیگ / حمید گل
اسلم بیگ / حمید گل