وفاق کی طرف سے خدمات پر جنرل سیلزٹیکس کا معاملہ حل نہ کیے جانے پر حکومت سندھ نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا ہے
ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے تحت خدمات پر جنرل سیلز ٹیکس کی وصولی کا اختیار تاحال صوبوں کے حوالے نہیں کیا گیا جس پرحکومت سندھ نے ایک خط کے ذریعے وزیراعظم کی توجہ وفاق کے رویے کی جانب مبذول کرائی ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ خدمات پرجنرل سیلز ٹیکس کے مسئلے کو قطعی طور پر نمٹانے کیلئے وفاق کی طرف سے مسلسل تاخیر برتی جارہی ہے جو سندھ کے حق کو نظراندازکرنے اوراین ایف سی کے متفقہ فیصلے کی خلاف ورزی ہے ۔ دوسری جانب وزیراعلی سندھ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں بھی خدمات پر جی ایس ٹی کا معاملہ طے نہ کیے جانے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت اس ضمن میں کوئی مثبت پیش رفت نہیں کررہی جس پر یہ معاملہ وزیراعظم کے متوقع دورہ کراچی میں بھرپوراندازمیں اٹھایا جائے گا ۔