امریکی اخبارنے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے القاعدہ اورطالبان کے محفوظ ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لئے مؤثر کارروائی نہ کی تو وہ امریکی امداد کے بڑے حصے سے محروم ہوسکتا ہے۔
اخبارکا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں کو ختم نہ کرنے پراوباما انتظامیہ نے پاکستان پرکڑی تنقید کی ہے۔ انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورت حال تبدیل نہ ہوئی تو پاکستان کو ملنے والی امداد خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ بدھ کے روزامریکی صدرباراک اوباما کی پاکستانی حکام سے ملاقات کے بعد وہائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں شدت پسندوں کے محفوظ ٹھکانوں پردباؤ بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔ دوسری جانب امریکہ شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے لئے سی آئی اے کی خفیہ کوششوں کو بڑھارہا ہے۔ واشنگٹن میں ایک سینئر اہلکار کا کہنا ہے کہ امریکہ دہشتگردوں کے خلاف پاکستان کی جانب سے مزید کارروائی کا خواہشمند ہے۔ حالیہ ہفتوں میں امریکہ نے پاکستان سے کہا ہے کہ سی آئی اے کے افسران اورسپیشل آپریشنزملٹری ٹرینرز کوملک میں داخلے کی اجازت دی جائے ۔یہ اہلکار ان علاقوں میں پاکستانی فورسز کی مدد کریں گے جہاں ڈرون حملے نہیں کئے جاسکتے۔