کراچی کے علاقے شاہ فیصل ٹاؤن میں لینڈ مافیا کے کارندوں نے رات کے وقت قبرستان کومسمارکرکے میدان بنا دیا، علاقے کے لوگوں نے واقعے کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔
تھانہ شاہراہ فیصل کی حدود ناتھا خان پل کے نیچے مقیم اٹھارہ ہزارافراد کی آبادی کے لئے مخصوص قبرستان کو لینڈ مافیا کے کارندوں نے رات کے وقت بلڈوزرکے ذریعے مسمار کیا۔ قبرستان میں چارسو سے زائد قبریں تھیں۔ اطلاع ملنے پرعلاقہ مکینوں کی بڑی تعداد صبح کے وقت قبرستان پہنچی تو ان کے پیاروں کی قبریں غائب تھیں جس پر انہوں نے شدید احتجاج کیا، علاقہ مکینوں کے مطابق دبئی میں رہائش پذیرساجن پنہورنے یہ زمین انیس سو اٹھائیس میں گوٹھ کے لئے خریدی تھی اورعلاقےکے قریب قبرستان نہ ہونے کے باعث زمین کا کچہ حصہ قبرستان کے لئے وقف کردیا تھا۔ قبضہ مافیا کی جانب سے اسی علاقے سے گزرنے والے برساتی نالے کو بھی مٹی ڈال کرراستہ بنایا جارہا ہے، نالا بند ہونے سے برسات کے موسم میں علاقے میں بڑی تباہی آسکتی ہے۔