وہاڑی (نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ فرد واحد کے فیصلوں سے ملک تباہی کی طرف جاتا ہے۔ ایٹمی طاقت اور بے شمار وسائل کے باوجود بھیک مانگنا باعث شرم ہے۔ آمر نے ملکی خودمختاری کا سودا کرکے ڈالر کمائے‘ قوم جواب مانگے کہ وہ ڈالر کہاں گئے‘ اگر قوم خاموش رہی تو اس سے بھی برے دن دیکھنا پڑیں گے۔ ہم سے کوتاہیاں ہوئی ہیں جن کی اصلاح کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم این اے تہمینہ دولتانہ سے دولت آباد میں ان کے شوہر زاہد انور واہلہ کی وفات پر تعزیت کے بعد معززین علاقہ اور صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اشفاق سرور‘ رانا محمود الحسن‘ نعیم خان بھابھہ‘ عمران عقیل دولتانہ‘ سعید مہدی سمیت سیاسی عمائدین و افسران کی بڑی تعداد موجود تھی۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں قانون کو پائوں تلے روندا گیا متعدد مرتبہ آئین کا بستر گول کیا گیا اور منتخب حکومتوں پر شب خون مارا گیا‘ 1999ء کے بعد آمر ملک کے سیاہ و سفید کا مالک بن بیٹھا ملک اور اسکی عزت کا سودا کیا۔ 8 سالہ کارکردگی یہ ہے کہ آج توانائی کا بحران ہے صنعتیں بند‘ زراعت متاثر اور کاروبار ٹھپ ہیں ایک آدمی فیصلے کرے گا تو حالات ایسے ہوں گے پوری قوم کو مل کر فیصلے کرنا ہوں گے۔ فوج کا کام حکومت کرنا نہیں ملکی دفاع ہوتا ہے مگر ہمارے ملک میں 35 برس فوج کی حکومت رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہم نے جو کھویا تھا وہ ہمیں مل گیا۔ اس وقت حالات میں بگاڑ لاقانونیت سے بڑا ہے ہم حالات کو عزم سے سنواریں گے اور ملکی سلامتی میں رخنہ ڈالنے والوں سے نمٹ کر دم لیں گے قوم تیار رہے۔ نواز شریف نے زوردے کر کہا کہ عزم کر لیا ہے کہ ہم تبدیلی لائیں گے اور بگڑے ہوئے ملکی حالات کو سنواریں گے‘ قبل ازیں نواز شریف اور کلثوم نواز نے تہمینہ دولتانہ اور ان کے صاحبزادے میاں عمران دولتانہ سے زاہد انور واہلہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ زاہد انور واہلہ مسلم لیگ کے مخلص کارکن تھے‘ مارشل لاء کے دور میں ہمارے ساتھ کھڑے رہے اور وفاداری تبدیل نہیں کی۔ قبل ازیں ایم این اے تہمینہ دولتانہ نے بھی خطاب کیا۔ ریڈیو نیوز اور جی این آئی کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہو گا کہ ہماری منزل کیا ہے اور ہم کس طرف جا رہے ہیں۔ اگر ہم اس پر غور نہیں کریں گے تو بحیثیت قوم کبھی اپنی منزل پر نہیں جا سکتے۔ کسی آمر کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ اکبر بگٹی کو قتل کر دے ججز کو نکال کر قوم کو تاریکی میں ڈبو دے۔ زندہ قوم کو مردہ بنانے کی کوشش کی گئی‘ دنیا میں ترقی کے حساب سے 170 ممالک میں ایٹمی ملک 135 ویں نمبر پر ہو باعث شرم ہے۔ آج ہم آمریت کی سزا بھگت رہے ہیں‘ ہم سے کوتاہیاں ہوئی ہیں جن کی اصلاح کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فرد واحد کے فیصلوں سے ملک تباہی کی طرف جاتا ہے۔ زندہ قومیں اپنی خودمختاری کا سودا نہیں کرتیں ملکی وقار کے خلاف منافی فیصلے نہ کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پندرہ مارچ کو ملک میں انقلاب آیا تھا قوم ہر ایسے وقت پر متحد رہے اور ایک ہونے کا ثبوت دے۔ آئین توڑنے والوں نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس کی تعریف کی جا سکے‘ ان کی وجہ سے پاکستان پوری دنیا میں بدنام ہوا۔نواز شریف نے مزیدکہا کہ جمہوریت ہی اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔ کیری لوگربل کو ملک کے 18 کروڑ عوام نے یکسر مسترد کر دیا ہے لہٰذا اسے قوم پر مسلط نہیں ہونے دیںگے۔ بڑے فیصلوں میں پارلیمنٹ کو شامل نہ کرنے سے حالات خراب ہو رہے ہیں۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38