سانحہ وزیرآباد،جے آئی ٹی نے ڈی پی اوگجرات سے 4 سوالات کے تحریری جواب مانگ لئے
وزیر آباد میں عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انوسٹیگیشن ٹیم (جے آئی ٹی )نے ڈی پی او گجرات سے 4 اہم سوالات کا تحریری جواب مانگ لیا ہے۔جے آئی ٹی نے ڈی پی او گجرات سے پہلا سوال یہ کیا ہے کہ عمران خان حملہ کیس کی ایف آئی آر درج کرنے سے کس نے روکا۔جے آئی ٹی نے دوسرے سوال میں ڈی پی او گجرات سے پوچھا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے فوری بعد ویڈیو بیان کیسے اور کس کے کہنے پر جاری کیا گیا۔اپنے تیسرے سوال میں جے آئی ٹی نے ڈی او پی او سے سوال پوچھا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزم نوید کو 10روز تک کہاں رکھا گیا، اور کس کس ادارے نے ملزم سے تحقیقات کی۔جے آئی ٹی نے ڈی پی او گجرات سے چوتھا سوال یہ کیا ہے کہ ہمیں پتا چلا ہے کہ ملزم کا بیان آپ کے کہنے پر جاری ہوا، یہ سچ ہے یا جھوٹ ؟ تحریری طور پر بتائیں۔دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈی پی او گجرات نے جے آئی ٹی کو تاحال کوئی تحریری جواب نہیں دیا۔واضح رہے کہ 9 اکتوبر کو وزیرآباد کے اللہ والا چوک پر چئیرمین تحریک انصاف پر اس وقت گولیاں چلائی گئیں جب ان کا قافلہ استقبالیہ کیمپ کی طرف بڑھ رہا تھا۔حملے میں ایک کارکن جاں بحق اور عمران خان، سینیٹر فیصل جاوید اوراحمد چٹھہ سمیت کئی افراد زخمی بھی ہوئے، جن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔حملے کے بعد کنٹینر پر کھڑے گارڈ نے بھی گولی چلائی جس کے بعد بھگدڑ مچی تھی اور 15 افراد زخمی ہوگئے۔