واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے 66ویں قومی ہاکی چمپیئن شپ جیتنے والی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد

لاہور(سپورٹس رپورٹر) واپڈا سپورٹس بورڈ کی جانب سے 66ویں قومی ہاکی چمپیئن شپ جیتنے والی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ واپڈا ہائوس میں منعقد ہونے والی تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین واپڈا / واپڈا سپورٹس بورڈ کے سرپرست اعلیٰ لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) تھے جنہوں نے کھلاڑیوں اورمینجمنٹ میں دس لاکھ روپے کے نقد انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر ممبر (فنانس)، ممبر(پاور)، ممبر(واٹر)، ایم ڈی (ایڈمن) اور صدر واپڈا سپورٹس بورڈ، سیکریٹری واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے سینئر عہدیدار بھی تقریب میں موجود تھے۔ 66 ویں قومی ہاکی چمپیئن شپ میں کامیابی کے بعد اب واپڈا کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ اِس کی ہاکی ٹیمیں بیک وقت مینز، ویمنز اور جونیئر قومی چمپیئن ہیں۔ نقد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے جیت پر واپڈا کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی چمپیئن شپ میں واپڈا ہاکی ٹیم کی کامیابی نہایت شاندار رہی اور واپڈا 9 سال بعد یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہوا۔انہوں نے کہا کہ واپڈا گزشتہ 60 سال سے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ، کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کی بہتری کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔کھیلوں کے اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زندگی میں تگ و دو کا سب سے اچھا سبق کھیلوں سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔ کھیل ایک ایسا عمل ہے جو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے کسی بھی ملک، ادارے یا فرد کے لئے بہت ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جذبہ اور عزم کی بدولت ہم کھیلوں سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ 60 سالوں سے واپڈا پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ واپڈا کے کھلاڑی نہ صرف ملکی سطح پر اپنے جوہر دکھا رہے ہیں بلکہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی کامیابیاں پاکستان کے نام کر رہے ہیں۔ اس وقت واپڈا کی ٹیموں کو 35کھیلوں،(مینز۔ 19، ویمنز۔16) میں فاتح اور 19 کھیلوں (مینز۔ 12، ویمنز۔7)میں رنرز اپ کا اعزاز حاصل ہے۔ واپڈا کھلاڑیوں کو روز گار فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے اور 22 سو سے زائد کھلاڑی اور سپورٹس عملہ واپڈا سپورٹس بورڈ کے ملک بھر میں موجود مختلف یونٹس میں برسر روز گار ہیں۔ واپڈا کی 66 ٹیمیں ہیں جن میں 37مرد اور 29خواتین ٹیمیں شامل ہیں۔