گلبرگ میں 19 سالہ لڑکی کا قتل‘ محلے دار نوجوان گرفتار
لاہور (نامہ نگار) گلبرگ کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل ہونے والی 19 سالہ لڑکی حرا کی نعش پولیس نے گزشتہ روز پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی اور پولیس نے ایک محلے دار نوجوان کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔ گلبرگ تھری کی رہائشی حرا کی اگلے ہفتے شادی تھی۔ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب حرا کر گھر کے عقب میں واقع گراؤنڈ میں موٹر سائیکل سوار دو افراد فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے تھے۔ پولیس نے مقتولہ کے والد ریاض حسین کے بیان پر دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس نے مزید معلومات حاصل کرنے کے لئے مقتولہ کا موبائل فون قبضے میں لے کر فرانزک لیب بھجوا دیا۔ پولیس کے مطاق یہ قتل عشق کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ جلد اصل حقائق سامنے آ جائیں گے۔