کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع چینی قونصل خانے پر حملے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب ایک حملہ آور بھی مارا گیا، جس کے قبضے سے خودکش جیکٹ اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔
ولیس حکام کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے کے قریب 3 سے 4 افراد نے چینی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم گارڈز کے روکنے پر انہوں نے فائرنگ کردی، جس پر قونصلیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈز نے بھی جوابی فائرنگ کی، اس دوران دھماکے کی آواز بھی سنی گئی۔ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید عالم اوڈھو نے تصدیق کی کہ ملزمان کی جانب سے کیے گئے ابتدائی حملے میں قونصلیٹ پر تعینات 2 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔
نمائندہ جیو نیوز کے مطابق جائے وقوع سے 3 زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کرلیا۔دوسری جانب تمام داخلی و خارجی راستوں کو سیل کرکے قونصلیٹ کی طرف جانے والی ٹریفک روک دی گئی ہے۔ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ کی سربراہی میں پولیس کی ایک ایڈوانسڈ پارٹی قونصلیٹ میں داخل ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ چینی قونصل خانہ سی ویو سے کچھ دور کلفٹن بلاک 4 میں واقع ہے، جہاں غیر ملکی قونصل خانوں سمیت ہائی پروفائل دفاتر واقع ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چینی قونصل خانے پر حملے کا نوٹس لے کر ایڈیشنل آئی جی ڈاکٹر امیر شیخ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔