جشن عید میلاد النبیﷺ
خالد یزدانی
نبی اکرم ؐ کی حیات مبارکہ ہم سب کے لئے آج بھی رہنما ہے اور تا قیامت اس سے رہنمائی کی جاتی رہے گی ،آپ ؐنے جو فرمایا اس پر عمل پیرا ہونے ہی میں انسانیت کی فلاح مضمر ہے ،آج ہم جن مصائب کا شکار ہیں وہ آپ کے افکار سے دوری کا ہی نتیجہ ہیں ،ہم اپنی زندگیوں کو اسلام کے سانچے میں ڈھال لیں تو اس جہان فانی اور آخرت میں بھی سرخرو ہو سکتے ہیں ۔سرکار دوعالم حضرت محمد ؐ کی ولادت باسعادت کے موقع پر بارہ ربیع الاول کو ملک بھر میں جشن عید میلادالنبی ؐ مذہبی عقیدت اور جوش سے منایا گیا ، خیبر تا مہران صبح سے شام تک فضائیں درود و سلام سے گونجتی رہیں ۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی حضرت محمد ؐ کی ولادت کے موقع پر گلی گلی ، نگر نگر ایک ہی آواز سنائی دیتی تھی ۔
خوشیاں منائو حضور آگئے
اسی طرح درود سلام کی محافل کے ساتھ ساتھ ریلیاں اور جلوسوں کے راستے میں شرکاء کی دودھ،چائے اور لنگر سے تواضع بھی کی گئی۔ حضور اکرمؐ کی ولادت کا جشن ہر فرزندان اسلام نے آپؐ کی شان میں قصیدے بھی پڑھے اور ریلیوں میں بڑوں کے ساتھ بچوں نے بھی سبز جھنڈے بیجز اور دیدہ زیب لباس زیب تن کر رکھے تھے، اور ان کے چہرے خوشیوں سے دمک رہے تھے کہ آج خاتم النبین ؐ کی ولادت کا پر مسرت دن ہے۔
نبی اکرمؐ سے عقیدت و محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے آپ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا جنت نظر بن سکتی ہے۔ آپؐ کے اسوہ حسنہ کی پیروی کرکے ہم دنیا میں اور آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں ۔جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پر جہاں نعت خوانی اور پاکیزہ محافل کا انعقاد کیا گیا وہاں حکومت پاکستان کے زیر اہتمام بین الاقوامی ’’ رحمت للعالمین ‘‘ؐ کانفرنس کا انعقاد اسلام آباد میں ہوا ،جس میں پاکستان کے علاوہ دنیا بھر سے علماء اور مشائخ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دو روزہ بین الاقوامی رحمتہ للعالمین کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ مدینے کے بعد پاکستان اسلام کے لئے بننے والا واحد ملک ہے لیکن افسوس کچھ لوگ اسلام کے ٹھیکے دار بنے ہوئے ہیں جو اسلام کے نام پر خود کو ہی نقصان پہنچا رہے ہیں انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ یونیورسٹیوں میں نبی کریم ؐ کی زندگی پر تحقیقاتی مقالے شائع کئے جائیں ۔ ہمارے اقدامات پر ہالینڈ میں خاکوں کا فیصلہ واپس ہوا، تحفظ ناموس رسالت کے لئے عالمی کنونشن پر ساری دنیا کے دستخط کے لئے احمر بلال صوفی کو پاکستان کا خصوصی ایلچی تعینات کر دیا ہے ۔ جبکہ اختتاحی کانفرنس سے صدر پاکستان عارف علوی نے بھی خطاب کیا تھا۔
جشن عید میلاد النبیؐپر کراچی، حیدر آباد ، ملتان ، پشاور ، کوئٹہ ، سیالکوٹ ، لاہور ، راولپنڈی ، سمیت دیگر شہروں میں بھی محافل کا انعقاد کیا گیا اور سرکار دو عالم کی حیات طیبہ پر روشنی ڈالی گئی ۔ الیکٹرانک میڈیا نے خصوصی نشریات اور پرنٹ میڈیا نے خصوصی ایڈیشن شائع کئے۔خالق دوجہاں محمد مصطفیؐ کے حضور ملک میں عوام نے جس جوش و جذبہ سے حصہ لیا جبکہ اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کئے گئے تھے ۔