برسلز میں سناٹا: دہشت گرد کئی جگہ حملے کر سکتے ہیں: وزیراعظم بیلجئم، فرانس میں آبی ذخائر زہر آلود ہونے کا خطرہ

پیرس+ برسلز (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) پیرس کے ایک ہسپتال سے کیمیائی اشیا سے محفوظ رکھنے والا سامان غائب ہوگیا ہے۔ یہ سامان چوری ہونے سے فرانس میں پانی کے ذخائر کے زہرآلود ہونے کا خوف پیدا ہوگیا ہے۔ فرانسیسی ماہرین نے پانی کے نمونوں کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔ فرانسیسی وزیر جین یوویزلی ڈریان نے کہا ہے کہ کیمیائی یا حیاتیاتی خطرات کا سامنا ہے تاہم اس سے بچنے کے لئے انتظامات کرلئے ہیں۔ ادھر برسلز میں ہائی الرٹ کے بعد شہر میں سناٹے کا راج ہے۔ واضح رہے کہ بلجیئم نے برسلز میں ’’انتہائی خطرے‘‘ کا انتباہ جاری کرتے ہوئے سکیورٹی کو انتہائی درجے تک بڑھا دیا جو انتہائی خطرے کے زمرے میں آتا ہے۔ بلجیئم کے وزیراعظم چارلس مچل کا کہنا ہے کہ کچھ محدود اطلاعات ملی ہیں کہ اسلحے اور دھماکہ خیز مواد سے لیس کئی افراد کئی مقامات پر حملہ کرسکتے ہیں۔ برسلز کا مرکزی علاقہ دہشت گردی کے خطرے کے باعث ویران ہوگیا ہے۔ پیرس جیسے حملوں کے خدشات کے اظہار کے بعد شہر کے ریستوران اور دیگر مقامات بند کر دئیے گئے ہیں۔ سکول آج بھی بند رہیں گے۔ شہر کی سڑکوں پر فوج کے دستے گشت کر رہے ہیں مبینہ شدت پسند صالح عبدالسلام کی تلاش جاری ہے جن کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ خودکش بیلٹ سے مسلح ہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ برسلز میں موجود تھا اور شام جانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’یہ برسلز کے خطے کو سنگین خطرے‘‘ کو اجاگر کرتا ہے۔ بیان میں شہریوں کو متنبہ کیا کہ ممکن ہو تو وہ پرہجوم مقامات سے دور رہیں۔ پیرس حملوں کے تناظر میں بلجیئم میں پولیس نے 6 پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کو حراست میں لے لیا اوربعدازاں پوچھ گچھ کے بعد رہا کردیا ہے۔ ان کا تعلق چیریٹی گروپ سے تھا جو شامی پناہ گزینوں کے لئے کپڑے اکٹھے کررہے تھے۔ انہیں پولیس سٹیشن منتقل کیا جہاں ان کے فنگر پرنٹس لئے گئے جس سے پتہ چلا کہ حراست میں لئے گئے 6 افراد پاکستانی نژاد برطانوی شہری ہیں، پولیس کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد فرنچ زبان نہیں جانتے تھے تاہم تفتیش میں تعاون کیا۔ برسلز حکام کے مطابق لاک ڈائون جاری رہے گا اور مشتبہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔ اٹلی کے مختلف شہروں میں مسلمانوں نے مظاہرے کئے جن میں پیرس میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ ان مظاہروں میں شریک افراد نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردی کے خلا ف نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ ان کا مقصد یہی ہے کہ دہشت گردی کے واقعات کو اسلام سے منسوب نہ کیا جائے۔ ترکش ایئرلائن کی نیویارک سے استنبول آنیوالی پرواز میں بم کی افواہ پر کینیڈا میں اتار لیا گیا اور تلاشی لی گئی مگر بم برآمد نہ ہوا۔ سان فرانسسکو سے براہ راست ہانگ کانگ آنے والی پرواز کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی جس کے بعد اسے سنگاپور ائرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ فرانس کی مسلح فوج کے سربراہ پیئیر ڈی فلیہ نے کہا ہے کہ انہیں مستقبل قریب میں داعش کے خلاف عسکری کامیابی ملتی نہیں دکھائی دیتی۔ فرانس نے پیرس کے خونریز حملوں کے بعد شام میں مختلف اہداف پر حملے تیز کر دیئے ہیں۔ فرانسیسی اخبار ’’جرنل ڈی ڈیمنشے‘‘ سے انٹرویو میں ڈی فلیہ نے بتایا کہ فوج میں طویل المیعاد منصوبہ بندی چلتی ہے، عوام ہتھیلی پر سرسوں جمانے کے متمنی ہوتے ہیں۔ شام اور عراق میں ہمیں یہی مخمصہ درپیش ہے۔ ہم نے گذشتہ تین دنوں میں شام میں داعش کے کمان اور ٹریننگ سینٹرز پر ساٹھ بم گرائے، 70 حملے کئے ہیں۔ داعش پر کاری ضرب لگائی ہے۔ سینٹ ڈنی میں پیرس حملہ آوروں کو گھر کرائے پر دینے والے شخص کی حراست میں توسیع کردی گئی۔ حالیہ حملے کے بعد فرانس مسلمانوں کے لئے نائن الیون بن گیا ہے، اسلام مخالف جذبات پھر ابھرے ہیں۔ پیرس کی پولیس نے سٹیڈیم پر تیسرے خودکش حملہ آور کی فوٹو جاری کردی ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ داعش کے بارے میں انٹیلی جنس حوصلہ افزا ہے۔فرانسیسی دارالحکومت میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے بعد عام شہری اس حد تک عدم تحفظ اور بے یقینی کا شکار ہیںکہ پیرس کے ایک ریلوے سٹیشن پر نئے ’دہشت گردانہ‘ حملے کے خوف کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔ پیرس کا ایک اور مصروف ریلوے Gare du Nord کہلانے والا وہ سٹیشن ہے جو شہر کے شمال میں واقع ہے۔ بیلجئم کے مرکزی شہر میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ برسلز کی سڑکوں سے شہری غائب۔ سکیورٹی فورسز کا راج ہے۔ پولیس نے شہریوں کو کھڑکیوں سے دور رہنے‘ صحافیوں کو ہوٹلوں میں رہنے کی ہدایت کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرہ کے پیش نظر پیر تک ہائی الرٹ رہیگا۔ سکول‘ سب ویز بند رہیں گے۔ پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جائیگا۔ برسلز میٹرو بدھ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔