مسلمان نوجوانوں کو شرعی علوم سے آراستہ ہو کر تہذیب و تمدن تشکیل دینا ہو گا: شہزادہ خالد الفیصل
مکہ مکرمہ (مبشر اقبال لون استادانوالہ سے) گورنر مکہ مکرمہ اور سربراہ مرکزی حج کمیٹی شہزادہ خالد الفیصل بن عبدالعزیز آل سعود نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کے نوجوانوں کو عصری اور شرعی علوم سے آراستہ ہو کر انسانی تہذیب و تمدن کی تشکیل میں حصہ لینا ہو گا۔ وہ مکہ مکرمہ میں \\\"رابطہ عالم اسلامی\\\" کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی دسویں حج کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ 3 روزہ کانفرنس \\\"گلوبلائزیشن کے دور میں نوجوانوں کے مسائل\\\" کے موضوع پر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان مسلم معاشروں میں بھاری اکثریت رکھتے ہیں۔ امت بہتر مستقبل کے حوالے سے نوجوانوں سے بڑی امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہے۔ شہزادہ خالد الفیصل نے کہا کہ الحمدللہ ہمارے اکثر نوجوان راہ حق پر چل رہے ہیں۔ جبکہ دیگر دہشتگردی اور گمراہ افکار کی دلدل میں پھنسے ہوئے ہیں۔ امت مسلمہ کے علماءاور راسخ الفکر دانشوروں خصوصاً اداروں کا فرض ہے کہ وہ فکری انحراف کی مزاحمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ اغیار اسلام مسلمانوں کے خلاف متفق ہو گئے ہیں۔ وہ ہماری تصویر بگاڑنے کے لئے سیاسی اور ابلاغی ذرائع استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے داخلی دشمن زیادہ خطرناک ہیں۔ یہ اسلامی اعتدال کو زندہ درگور کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اعتدال پر قائم ہے اور اس نے اسلام کے پرچم تلے اپنے وجود کو منوایا ہے۔ سعودی عرب کے مفتی اعظم خطیب حج فضیلتہ الشیخ عبدالعزیز آل شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو ہدف بنانے والے دشمنان اسلام کا مقابلہ فکری یلغار کا توڑ کر کے کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے مسائل حل کرنے کے لئے فراست سے کام لینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تربیت اور ان کی فکری تقویت کے لئے نصاب تعلیم کا کردار بے حد اہم ہے۔ رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبداللہ عبدالمحسن الترکی نے کہا کہ ہر طرف سے فکری یلغار ہو رہی ہے۔ نوجوانوں کی اصلاح اور نگہداشت کی ذمہ داری خاندان\\\' ریاست\\\' معاشرے سب پر آتی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ایک دوسرے سے تعاون پر زور دیا۔ کانفرنس سے ڈاکٹر محمد عبدالحلیم عمر اور رابطے کے ڈاکٹر احمد الورعی نے بھی خطاب کیا۔