پنجاب بھر میں امتحانی عملے کیلئے کرونا ویکسی نیشن لازمی قرار
لاہور (سٹاف رپورٹر) پنجاب بھر میں امتحانی عملے کیلئے کرونا ویکسی نیشن کروانا لازمی قراردیدیا گیا، ویکسی نیشن نہ کروانے والے عملے کو ڈیوٹی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ایچ ای ڈی کی طرف سے تمام تعلیمی بورڈز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔لاہورسمیت پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز کے تحت امتحانات میں ڈیوٹی دینے والے عملہ کو کرونا 19 ویکسین لگوانا لازمی ہوگا۔ویکسی نیشن نہ کروانے پر عملہ کو امتحانات میں ڈیوٹی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 20 جون کے بعد شروع ہو نے ہیں۔ پنجاب حکومت نے تمام بورڈز کو احکامات جاری کردیئے جس میں امتحانی عملہ کو خصوصی طور پر کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر کورونا ویکسی نیشن کروائیں تاکہ امتحانات میں ڈیوٹیاں سرانجام دے سکیں۔کنٹرولر امتحانات لاہور بورڈ ناصر جمیل نے اے پی پی کو بتایا کہ سپرنٹینڈنٹ، ڈپٹی سپرنٹینڈنٹ، سپروائزری سٹاف ،نگران عملہ اور دیگر سٹاف کی فوری ویکسی نیشن کروائی جائے گی۔ تعلیمی بورڈ کی جانب سے ایجوکیشن اتھارٹیز کو ویکسی نیشن کرانیوالے امتحانی عملہ کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صرف انہی اساتذہ کی امتحانات میں ڈیوٹیاں لگائی جائیں جو اپنی ویکسی نیشن مکمل کرواچکے ہیں۔یاد رہے کہ امتحانات میں ہر سال تیس ہزار سے زائد امتحانی عملہ ڈیوٹی سر انجام دیتا ہے۔