بیت المقدس کی آزادی کیلئے ریلیاں، فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے
حیدرآباد /پنوعا قل /لاڑکانہ ( نامہ نگاران) پورے ملک کی طرح سندھ اور بلوچستان میں بھی جمعۃ الوداع کے موقع پر بیت المقدس کی آزادی اور فلسطین مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے احتجاج کیا گیا۔ پنو عاقل میں احتجاج کی قیا دت سکھر ڈویژن کے صدر عا شق حسین اصغری ،غلام شبیر مجتبائی ایڈووکیٹ رفیق احمد محمدی،استاد اللہ ورایوودیگر کر رہے تھے احتجاج میں اصغریہ سمیت دیگر شیعہ تنظیموں نے شر کت کی احتجاج امام بارگاہ رضویہ کے سامنے کیا گیا احتجاجی مظاہرین کے ہا تھوں میں پلے کارڈ اور بینر تھے جس پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے لکھے ہو ئے تھے احتجاجی مظاہرین امریکہ اور اسرائیل کے خلاف سخت نعرے بازی کر رہے تھے کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کھلم کھلا مسلمانوں کے دشمن ہیںانہوں نے دنیا کے امن کو تباہ و بربادکر دیا ہے بیت المقدس ہمارا قبلہ اول ہے جس پر یہودی قابض ہیں بیت المقدس پورے عالم اسلام کا مشترکہ مسئلہ ہے جسے ہر صورت میں ہی مسلمانوں کو مل کر حل کر نا ہے امریکہ اوراسرائیل سے خطرناک وائرس دنیا میں کوئی نہیں ہے ان سے نجات کے لئے امت مسلمہ کو اپنے اختلاف بھلا کر ایک ہو نا ہو گا امریکہ اور اسرائیل کی بر بادی تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا ۔ لاڑکانہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق لاڑکانہ میں اصغریہ آرگنائیزین پاکستان ڈویزن و ضلع لاڑکانہ کی جانب سے جمعت الوداع یوم القدس کے موقع پر فلسطینوں کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف ریلی نکالی جو کہ شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی جہاں انہوں نے شدید نعرے بازی بھی کی، اس موقع پر رہنماؤں عرفان حیدر سولنگی، بخت حسین و دیگر کا کہنا تھا کہ اسرائیل مسلمانوں کے دل میں خنجر کی طرح ہے جس ملک کے ظالم حکمرانوں نے بیت المقدس پر ناجائز قبضہ کرکے مظلوم اور نہتے فلسطینیوں پر مظالم کے پہاڑ گرادیئے ہیں، لیکن وہ دن دور نہیں جب بیت المقدس آزاد ہوگا۔ ڈگری سے نامہ نگار کے مطابق ڈگری میں جمعتہ الوداع اور قبلہ اوّل پر اسرائیل کے نا جائز تسلط اور لاکھوں فلسطینیوں کی شہادت اور یہودیوں کے ظلم کے خلاف عالمی یوم القدس طور پر منایا گیا۔ڈگری اور نواحی علاقوں میں مساجد میں جمعتہ الوادع کی مناسبت سے علماء کرام نے خصوصی بیان کیا۔اور رقت آمیز دعاوں میں ملک کی سلامتی۔کرونا کی وباء کے خاتمے۔اور مسلمانوں کے قبلہ اول کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔دو ماہ کے لاک ڈاون کے دوران سندھ حکومت کی جانب سے جمعتہ الوادع کے اجتماعات کی اجازت کے بعد بڑی تعداد میں مسلمانوں نے مساجد میں جاکر جمعہ کی نماز ادا کی۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظآمات کئے گئے تھے۔ میرپور ماتھیلو سے نامہ نگار کے مطابق میرپور ماتھیلو میں جمعتہ الوادع کے موقع پر لاک ڈاؤن سخت ، شہری گھروں تک محدود پولیس نے حفاظتی انتظامات سخت کر دیے جس کی وجہ سے شہری جمعتہ الوادع کے موقع پر بھی نماز جمعہ ادا نہ کرسکے تفصیلات کے مطابق میرپور ماتھیلو اور گرد و نواح کے علاقوں میں پولیس کی جانب سے لاک ڈاؤن سخت کیا گیا اور دن کے بارہ بجے سے ساڑہے تین بجے تک شہر میں کرفیو کا سماں رہا۔میرواہ گورچانی سے نامہ نگار کے مطابق جمعہ الوداع کے موقع پر مساجد میں خصوصی دعائیں۔ جمعہ الوداع کے موقع پر میرواہ گورچانی کی تمام مساجد میں کرونا وائرس سے نجات، امت مسلمہ، کشمیر، ملکی سلامتی، امن و امان کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں مسلسل دو ماہ سے جاری لاک ڈاؤن میں نماز جمعہ کے لیے رعایت کی وجہ سے نماز جمعہ کے موقع پر فرزندان اسلام کا رش معمول سے زیادہ دیکھنے میں آیا دو ماہ کے بعد مساجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر شہریوں کے چہرے کھل اٹھے اور بارگاہ خدا میں سجدہ شکر بجا لائے۔خیرپور سے بیورورپورٹ کے مطابق مرکزی القدس کمیٹی کی جانب سے امام بارگاہ قصر حسینی میں آزادی بیت المقدس کانفرنس منعقد کی گئی،کانفرنس میں شیعہ علماء کونسل،شیعہ رابطہ کونسل،اصغریہ آرگنائزیشن،مجلس وحدت المسلمین تحریک نفاذ فقہ جعفریہ، جے، ایس، او، آئی ایس او،پیغام ولایت فائونڈیشن اور دیگر شیعہ تنظیموں کے رہنمائوں نے شرکت کی،کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ ارشاد حسین نقوی،علامہ اسد اقبال زیدی،مولانا مظہر حسین نقوی،مولانا عبدالغفور جانوری،مولانا سعید علی،سید جعفر علی شاہ،سید امتیاز شاہ،چودھری مطہر زیدی،امداد خمیسانی،ریاض علی اور دیگر نے کہا کہ بیت المقدس پر قبضہ صرف عالم اسلام کا نہیں،بلکہ عالمی انسانی المیہ ہے،پاکستان اور اسرائیل میں کوئی چیز مشترک نہیں اور نہ ہی ہوسکتی ہے،اور برصغیر کے لوگ فلسطینیوں کی منشاء کیخلاف کسی بھی فیصلے کو قبول نہیں کرینگے۔ٹنڈومحمدخان سے نامہ نگار کے مطابق مجلس وحدت المسلمین ضلع ٹنڈومحمدخان اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ٹنڈومحمدخان کے رہنماؤں محب علی بھٹو ، محمو د الحسن ، سجاد علی ڈومکی اور فرمان حیدر نے پریس کلب ٹنڈومحمدخان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبار ک کا آخری جمع فلسطین و کشمیری مسلمانوں سمیت دنیا بھر کے مظلومین کی حمایت کے طور پر عالمی یوم القدوس منایا ہے ، مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت ہمارے منشور کا حصہ ہیں ، بلکہ شرعی فریضہ بھی ہے ۔ بھٹ شاہ سے بیورورپورٹ کے مطابق اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان یونٹ بھٹ شاہ کی جانب سے بھٹ شاہ پریس کلب کے سامنے علامتی احتجاجی مظاہرہ کیا گیااس موقع پہ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ، قائدین کی تصویریں، فلسطینی بچوں کے علامتی جنازے اٹھائے ہوئے آمریکہ و اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی احتجاجی ریلی میں شامل رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 70 سالوں سے اسلام کی مقدس جگہ بیت المقدس صہیونیت کے قبضے میں ہے، فلسطین کی مظلوم عوام پہ ظلم و ستم کی انتہا ہوگئی ہے جب کہ مسلمان حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، مظاہرے میں شرکت کرنے والوں میں سید دانیال کاظمی، عبد علی خاصخیلی، عاطف مہدی سیال ، گل محمد حیدری ، مجاھد حسین شیخ ، مولانا انور علی سعیدی ، رضوان علی کھوسو ، کاشف مھدی سیال فھد علی جعفری اور خان محمد میرجت ودیگر شریک تھے ۔