اسلامی ممالک کیخلاف سازشوں پر امت کو متحد ہونا ہوگا:طاہر اشرفی

لاہور( خصوصی نامہ نگار )پاکستان علماء کونسل و انٹرنیشنل تعظیم حرمین شریفین کونسل کی اپیل پریوم تحفظ حرمین شریفین والاقصی کے موقع پر جمعۃالوداع کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے علماء ، خطباء ، واعظین و مقررین نے کہا ہے کہ مسلم امہ کے مسائل کا حل وحدت اور اتحاد میں ہے۔ مسئلہ کشمیر و فلسطین کے حل کیلئے مسلم امہ کو عملی اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ اسلامی ممالک کیخلاف ہونے والی سازشوں کیخلاف پوری امت کو متحد ہونا ہوگا۔ ارض حرمین شریفین کی سلامتی، استحکام اور تحفظ کیلئے امت مسلمہ سعودی عرب کی حکومت اور عوام کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتی ہے۔یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی،مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا اسید الرحمٰن سعید، مولانا محمد اسلم صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے، حرمین شریفین اور الاقصیٰ مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کا مرکز ہیں۔