ٹرمپ کا فارمولہ اسرائیل کو تحفظ دینے کی کوشش ہے:ابوالخیر محمد زبیر
لاہور(خصوصی نامہ نگار ) ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کشمیر، پاکستان اور فلسطین عالم اسلام کی شہ رگ ہے۔ ڈونلڈٹرمپ کی صدی کی ڈیل فارمولا فلسطین ریاست کا مکمل خاتمہ اور ناجائز اسرائیل کو تحفظ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فارمولا، عالم اسلام کے سینے میں خنجر گھونپنے کے مترادف ہے۔ کشمیر میں مودی فاشسٹ جموں و کشمیر میں مظالم کی انتہا کر رہا ہے اور مسلم اکثریتی آبادی کے تناسب کو تبدیل کیا جا رہا ہے۔ فلسطین اور کشمیر کا مسئلہ حل ہوئے بغیر عالم اسلام امن کو ترستا رہے گا۔ ان خیا لات کا اظہار ٹیلی کانفرنس اجلاس میں کیا جبکہ سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ کا اعلان کیا جس کے مطابق پاکستان کی دینی جماعتیں مسئلہ فلسطین پر خاموش نہیں رہ سکتیں ہم فلسطینی عوام کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت کرتے ہیں ۔