لاہور کراچی کے ہوائی اڈوں پر چیخ و پکار، لواحقین پیاروں کی خیریت جاننے کیلئے بے چین رہے
لاہور‘ کراچی (نوائے وقت رپورٹ) حادثہ کی اطلاع پر لاہور ‘ کراچی کے ہوائی اڈوں پر لوگ چیخ و پکار کرتے دکھائی دیئے۔ ہر طرف افراتفری تھی۔ لاہور اور کراچی میں متعلقہ خاندانوں کے افراد شدید پریشانی کے عالم میں ہوائی اڈہ کے حکام سے رابطے کرتے رہے۔ ان خاندانوں کے افراد کی بڑی تعداد نے ائرپورٹس کا رخ کر لیا اور اپنے عزیز و اقارب کی خیریت جاننے کیئے بھاگ دوڑ کرنے لگے۔ اس موقع پر یہ تمام افراد شدید گو مگو کی کیفیت میں مبتلا تھے۔ کیونکہ فوری طور پر انہیں کچھ معلومات حاصل نہیں ہو رہی تھیں۔ لاہور اور کراچی کے ہوائی اڈوں کے حکام نے گو کہ فوری طور پر انفارمیشن کاؤنٹر قائم کر دیئے مگر ہلاکتوں کے حوالے سے فوری طور پر معلومات فراہم نہ کی جا سکیں تاہم آہستہ آہستہ ائرپورٹ حکام نے فہرستیں مرتب کر کے لوگوں کو معلومات دینا شروع کر دیں۔ تمام افراد انتہائی کرب کی کیفیت میں تھے۔