کنٹرول لائن پر بھارت کی طرف سے خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ دو روز قبل بھی چری کوٹ سیکٹر کے علاقہ میں فائرنگ کا واقعہ ہوا جس کے نتیجہ میں 45 سالہ شخص عارف شدید زخمی ہو گیا جس پر بھارت کے سینئر سفارتکار کو پاکستان نے دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا اور اس قسم کے واقعات کو علاقائی امن کے لیے خطرہ اور جارحیت قرار دیا اور بھارتی سفارت کار کو باور کرایا کہ اب تک بھارت کنٹرول لائن پر 1102 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔
دریں اثناء دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج جعلی کارروائیوں میں کشمیریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ پاکستان کو انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں پر تشویش ہے جس سے کشمیری عدم تحفظ کا شکار ہو کر رہ گئے ہیں اور قابض و ظالم بھارتی فوج کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں ایک لاوا پکتا جا رہا ہے۔ بھارت اس سلگتے مسئلہ سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے کسی بھی قسم کا ڈرامہ رچا سکتا ہے جس کی چھوٹی موٹی ریہرسل تو ہر وقت ہی جاری رہتی ہے۔ گزشتہ روز پلوامہ میں پولیس پارٹی پر حملہ میں ایک اہلکار کی ہلاکت بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے اور بھارت کسی وقت بھی ایسا ڈرامہ رچا کر الزام پاکستان پر تھوپنے کی سازش کر سکتا ہے اس لیے عالمی طاقتیں ، ادارے اور بین الاقوامی تنظیمیں خود کو محض رسمی احتجاج تک محدود نہ رکھیں کیونکہ پوری دنیا اسوقت کرونا سے نبرد آزما ہے جبکہ جنونی مودی سرکار ہمسایوں کے ساتھ سرحدی تنازعات بڑھانے میں مصروف ہے جس سے جنوبی ایشیاء کا امن دائو پر لگ چکا ہے لہٰذا دنیا بھارتی حرکتوں کا نوٹس لے ، مقبوضہ کشمیر جیسے سلگتے مسئلے کا فوری حل اور بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتوں کا تحفظ یقینی بنائے تاکہ امن و امان کی صورتحال بہتر ہو۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024