پاکستان ہمیشہ بھارت سے مذاکرات کیلئے پرعزم رہا ،ہم توقع کرتے ہیں نئی بھارتی حکومت مذاکرات کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھے گی: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ بھارت سے مذاکرات کیلئے پرعزم رہا ، ہم توقع کرتے ہیں کہ نئی بھارتی حکومت مذاکرات کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھے گی۔ مودی اور ان کی پارٹی کی کامیابی پاکستان عوام کیلئے نہ اچھی خبر ہے اور نہ ہی بری بس ایک خبر ہے ۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ بھارت کو مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے پرعزم رہا ۔ حکومت پاکستان کا بیانیہ اور عوام کی عمومی یہ سوچ رہی ہے کہ خطے میں امن سب سے اولین ترجیح ہے اس وقت تک خطے میں امن اور خوشحالی نہیں آسکتی جب تک دونوں ممالک بیٹھ کر اپنے تمام دیرینہ ایشوز مذاکرات کے ذریعے حل نہیں کرسکتے ۔ مسائل کے حل کا واحد راستہ مذاکرات ہی ہیں مگر بھارتی قیادت مذاکرات کی میز پر آنے سے ہمیشہ کتراتی رہی۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ بھارت مذاکرات کے لئے جلد آمادہ ہوگا چند ماہ پہلے جس طرح کی کشیدگی رہی اور پاکستانی عوام نے بھارتی جارحیت کا سامنا کیا ایسی صورتحال میں خطے میں امن کیسے آسکتا ہے چونکہ بھارتی عوام نے ایک جمہوری عمل کے ذریعے ووٹ دے کر مودی اور اس کی پارٹی کو کامیاب بنایا ہے ۔ ہندوستانی عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتے ہوئے مودی کے ساتھ بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں، اب مودی نے ترجیحات طے کرنی ہیں کہ انہوں نے اپنی طاقت کو دونوں اطراف کی عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے استعمال کرنا ہے یا خطے میں انتشار اور بدامنی کیلئے استعمال کرنا ہے۔