اللہ کی رحمت کا کوئی شمار اور کنارہ نہیں،مولانا عمران عطاری
کراچی (نیوز رپورٹر)دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری نے کہا ہے کہ اللہ کی رحمت کے انداز بہت پیارے ہیں ،اللہ کریم بڑا رحم اور کرم والا رب ہے وہ کریم اپنے بندے کے گناہوں کو معاف فرمادیتا ہے اس کے عیبوں کو مخلوق پر پوشیدہ فرمادیتا ہے ،وہ توبہ کرنے والوں کی توبہ قبول فرماتا ہے،بندے کے گناہ کتنے سہی مگر رب کی رحمت اس سے بہت زیادہ ہے ،بندے کے گناہوں کا کنارہ ہے مگر رب کی رحمت کا کوئی شمار اور کوئی کنارہ نہیں ،بندے کو چاہئے کہ وہ رب عزوجل کی بارگاہ میں رجوع کرلے اور گناہوں سے معافی مانگ لے وہ کریم رب عزوجل بندے کو اپنی رحمت کی چادر میں ڈھانپ لیتا ہے ،جب اللہ کریم اپنے کسی بندے کو بخش دیتا ہے تو اس کے گناہوں کو نیکیوں میں تبدیل فرمادیتا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان میں پورے ماہ کیلئے اعتکاف میں بیٹھے اسلامی بھائیوں سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی اللہ عزوجل کا ذکر ہو جب بھی سرکار ﷺ کا تذکرہ ہو تو سنبھل کراور با ادب بیٹھنا چاہئے ، اللہ کی رحمت بہانہ ڈھونڈتی ہے وہ کریم چھوٹے سے عمل پر اپنے بندوں کو بخش دیتا ہے، اللہ تعالیٰ اس شخص کے گناہوں کو بخش دیتا ہے جو ایمان سے قبل ہوئے ، اللہ کریم کی رحمت سے مایوس نہیں ہونا چاہے وہ کریم اپنے بندوں کے گناہ معاف فرمادیتا ہے ، جب بندہ گناہوں سے توبہ کا ارادہ کرتا ہے تو شیطان اسے اللہ کی رحمت سے مایوس کرنے کی کوشش کرتا ہے اور بخشش نہ ملنے کے وسوسے ڈالتا ہے ،یادرکھیں اللہ بڑا کریم ہے وہ اپنے بندوں کی توبہ سے خوش ہوتا ہے اور ان کی بخشش فرمادیتا ہے ۔