معصوم بچیوں کی عصمت دری اور قتل المیہ ہے، دردانہ صدیقی
کراچی (نیوزرپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی قیمہ دردانہ صدیقی نے کہا ہے کہ رمضان کے مبارک مہینے میں مملکت خداداد میں فرشتہ صفت معصوم بچی فرشتہ کے ساتھ زیادتی و قتل اور بونیر کے علاقہ ایلی میں حوا کی بیٹی کی تشدد زدہ لاش برآمد ہونا انتہائی دردناک و لرزہ خیز ہے، سانحہ صرف بچی کے اہل خانہ کا نہیں، پوری قوم کے لیے المیہ ہے، جب تک اسلام کا نظام انصاف رائج اور اس پر مکمل عمل درآمد نہیں ہوتا، مجرموں میں خوف پیدا نہیں ہوگا۔ ایسے درندہ صفت حیوانوں کو سرعام پھانسی دینا ہی مسئلے کا حل ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں دردانہ صدیقی نے کہا کہ حکمرانوں کی جانب سے بات مدینے جیسی ریاست کی کی جارہی ہے جب کہ حالت یہ ہے کہ ریاستی ادارے مظلوم کی داد رسی کے بجائے الٹا ان کے ساتھ ظلم و زیادتی کا ارتکاب کررہے ہیں، فرشتہ کے اہل خانہ کے ساتھ پولیس کا رویہ انتہائی شرمناک ہے، انہیں بھی قرار واقعی سزا دیا جانا ضروری ہے۔ دردانہ صدیقی نے والدین بالخصوص ماؤں سے اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کو خصوصی طور پر اپنی نگاہوں میں رکھیں اور کسی قسم کی کوتاہی کا ارتکاب نہ ہونے دیں تاکہ ایسی اذیتوں سے نہ گزرنا پڑے۔ دردانہ صدیقی نے دکھ کی اس گھڑٰ میں فرشتہ کے اہل خانہ سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اصل مجرموں کی فوری گرفتاری اور عبرتناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔