2100 تک سطح سمندر میں 6فٹ اضافے کا امکان،آئی پی سی سی
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) موسمیاتی تبدیلی متعلق حال ہی میں جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق اس صدی کے اختتام تک سمندر کی سطح قمیں 2 میٹر یا ساڑھے 6 فٹ اضافہ ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد متاثر ہوں گے۔حال ہی میں جاری کی گئی یہ رپورٹ اقوام متحدہ کی جانب سے سطح سمندر میں اضافے سے متعلق جاری کیے گئے اندازے سے دگنا ہے۔خیال رہے کہ گرین لینڈ اور انٹارکٹیکا میں موجود برف کے ٹکڑے دنیا میں سمندر کی سطح کو کئی درجن میٹر تک بڑھاسکتے ہیں، اس کے ساتھ ہی سمندر گرم ہونے سے پانی کے پھیلائو کی وجہ سے سطح سمندر میں اضافہ ہورہا ہے۔تاہم کرہ ارض پر درجہ حرارت میں اضافے کی وجہ سے گلیشیئرز کے پگھلنے کی شرح کی پیش گوئی کرنا انتہائی مشکل ہے۔اقوام متحدہ کے انٹرگورمنٹل پینل آن کلائمٹ چینج (آئی پی سی سی)نے 2013 ففتھ ایسیسمنٹ رپورٹ میں کہا تھا کہ گرین ہاس گیسز کے اخراج کی مقدار آر سی پی 8.5 میں ، 2100 تک ایک میٹر کا اضافہ ہوجائے گا۔اس وقت سے لے کر اب تک اس پیش گوئی کو قدامت پرست مانا جاتا ہے ، کیونکہ کرہ ارض کے درجہ حرارت میں اضافہ کرنے والی گرین ہائوس گیس میں سالانہ بنیادوں میں اضافہ ہورہا ہے۔