میاں صاحب پہلے سوال گندم جواب چنا تو کرلیتے ہیں بعد میں رونا دھونا شروع کردیتے ہیں:فواد چوہدری
ترجمان تحریک انصا ف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف نے عدالت میں سیاست کی کوشش کی ہے جس کا انہیں نقصان اٹھانا پڑے گا،نواز شریف نے عدالت کے 128 سوالوں میں سے کسی ایک کا بھی ڈھنگ سے جواب نہیں دیا، عدالت کچھ پوچھتی رہی میاں صاحب طوطا مینا کی وہی گھسی پٹی کہانیاں سناتے رہے،میاں صاحب پہلے سوال گندم جواب چنا تو کرلیتے ہیں بعد میں رونا دھونا شروع کردیتے ہیں۔فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف کا بیان غور سے سنا، یہ ایک سیاسی بیانیہ ہے جو وہ جلسوں میں دیتے ہیں، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ان کا قانونی بیانیہ کہاں ہے، قانونی طور پر دو بنیادی سوال پوچھے گئے، ایون فیلڈ کے ذرائع کہاں سے آئے اور 300 ارب روپیہ کہاں سے آیا؟فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف نے منی ٹریل پر کوئی بات کی اور نہ ہی پیسوں کے ذرائع پر، انہوں نے جو باتیں عدالت میں کیں وہ جلسوں میں بھی کرتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا نوازشریف نے عدالت میں سیاست کی کوشش کی ہے جس کا انہیں نقصان اٹھانا پڑے گا، بہتر ہوتا نوازشریف قانونی کیس قانونی طریقے سے لڑتے اور سیاست باہر رکھتے، نواز شریف کا احتساب عدالت میں بیان انتہائی مایوس کن ہے، انکو چاہئے تھا کہ کم از کم دو بنیادی سوالات کا جواب عدالت کو دیتے،کم از کم بتاتے کہ بچوں کی سولہ کمپنیوں میں تین سو ارب روپیہ کہاں سے آیا۔ ایون فیلڈ جائیدادیں کس سرمائے سے خریدی گئیں،سنجیدگی سے عدالتی سوالات کے جواب دینے کی بجائے انہوں نے اپنا سیاسی بیانیہ دہرا دیا۔