وزیراعلیٰ پنجاب راولپنڈی میں پانی کی قلت کا نوٹس لیں،عابد محمود مٹھو
راولپنڈی ( نیوزرپورٹر)یونین کونسل 4 ڈھوک مٹکیال کے چیئرمین چوہدری عابد محمود مٹھو نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ راولپنڈی میں پانی کی شدید قلت کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فی الفور اقدامات اٹھائیں ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں پانی کی عدم فراہمی سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے‘ پانی و بجلی کی ضروریات کی فراہمی کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔راولپنڈی میں شدید گرمی کی لہر ہے اس صورتحال میں پانی کی عدم فراہمی سے شہریوں کو شدید مسائل کا سامنا ہے جبکہ بجلی نہ ہونے سے بھی پانی کی فراہمی کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کرگیا ہے۔ راولپنڈی کی پانی اور بجلی کی ضروریات پوری ہونی چاہئیں۔انہوں نے یوسی8 فوجی کالونی کے چیئرمین راجہ مقصود کے دفتر پر حملے کا قصور وار واسا انتظامیہ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایم ڈی واسا صورتحال کنٹرول نہیں کرسکتے تو استعفیٰ دے دیں،عوامی نمائندے اس قدر بے بس نہیں ہوئے کہ تماشا دیکھتے رہیں،مائوں،بہنوں اور بیٹیوں کو برتن پکڑے لائنوں میں کھڑے ہوئے نہیں دیکھ سکتے،ٹینکرز بھجوادینا مسئلے کا حل نہیں،ٹھوس اور مستقبل بنیادوں پر منصوبہ بندی نہیں کی گئی جس کی وجہ سے شہر میں سینکڑوں ٹیوب ویل بند ہوگئے ہیں،دو روز میں پانی کی قلت کا خاتمہ نہ ہوا تو سڑکوں پر نکلیں گے اور واسا دفتر کا گھیرائو بھی کرنا پڑا تو دریغ نہیں کریں گے۔