عوامی تحریک کے کارکنوں کیخلاف درج مقدمہ میں دو گواہان کے بیان ریکارڈ
راولپنڈی (نیوزرپورٹر)انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصو صی عدالت کے جج سلیمان بیگ نے پاکستان عوامی تحریک کے قائدعلامہ طاہر القادری کی پاکستان آمد کے موقع پر توڑ پھوڑ، جلاو گھیراو،ہنگامہ آرائی اور کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمہ میں عوامی تحریک کے کارکنوں افتخار احمد وغیرہ سمیت81 ملزمان کیخلاف درج مقدمہ میں دو گواہان کے بیان ریکارڈ کر کے سماعت دو جون تک ملتوی کر دی ملزمان کو تھانہ ائیرپورٹ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا۔عدالت نے تیزاب گردی کے مقدمہ میں نامزد دو ملزمان کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجوادیا، مقدمہ میں نامزد ملزمان خرم شہزاد اور مبشر حسین کیخلاف پیرودھائی پولیس نے نوجوان کے چہرے پر تیزاب پھینکنے پر مقدمہ درج کرتے ہوئے گرفتارکیا تھا ۔پولیس نے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر دونوں ملزمان کو عدالت کے روبرو پیش کیا عدالت نے پولیس کی جانب سے مزید ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے دونوں ملزمان کواڈیالہ جیل بھجوا تے ہوئے چالان طلب کر لیا ۔