انسانیت کو درپیش مسائل کا بنیادی سبب زہدوتقویٰ سے دوری ہے، قمرزیدی
راولپنڈی(نوائے وقت رپورٹ)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سید قمر حیدر زیدی نے کہا ہے کہ اسلام انسانیت سے پیار کرنے کی ترغیب اور ہر قسم کے ظلم و بربریت اورنفرت و عصبیت کی نفی کرتا ہے۔یہ با ت انہوں نے سیدشجاعت زیدی کے زیراہتمام علی مسجد میںمجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ مولائے کائنات حضرت علی ؑ کا فرمان ہے کہ اسلام سے بالا تر شرافت نہیں ،زہدوتقویٰ سے بالا تر عزت نہیں اور تقویٰ سے زیادہ قریب ترین کوئی پناہ گاہ نہیں ،جو شخض تقویٰ کو وسیلہ بنائے تو وہ سختیاں جو نزدیک آچکی ہونگی اس سے دور ہوجائیں گی اور تلخ کام شیریں اور گرفتاریوں کی سخت لہریں اُس سے دور ہوجائیں گی اور سختیاں اُس کیلئے آسان ہوجائیں گی۔انہوں نے یہ بات زور دیکر کہی کہ تقویٰ مشکلات کے حل اور انسان کی عزت و آزادی و حریت کا سبب ،مصائب وآلام اورابلیسی قوتوں سے نجات ،زندگی کی دشواریوں اور تلخیوں کیلئے عظیم و مضبوط پناہ گاہ ہے ۔